۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
لاہور

حوزہ/ قرآن کی حرمت پر کوئی مسلمان سمجھوتہ نہیں کر سکتا، علامہ محمد حسین اکبر کا اظہار خیال۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ ادارہ منہاج الحسینؑ لاہور میں نماز جمعہ کے بعد حرمت قرآن ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت ممتاز عالم دین علامہ حسن رضا باقر نے کی، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد احتجاجی ریلی میں شریک ہوئی۔ ریلی کے شرکا نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر سویڈن کیخلاف نعرے درج تھے۔

مقررین نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان سویڈن کیساتھ فوری طور پر سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کے اقدامات عالمی سطح پر اُٹھانے کی ضرورت ہے، عالمی برادری امن کے قیام کیلئے شرپسندوں کا راستہ روکے۔

انہوں ںے کہا کہ مغرب ہمیشہ آزادی اظہار کی آڑ میں اسلامی مقدسات کی توہین کرتا آیا ہے، کبھی توہین رسالتﷺ کی جاتی ہے تو کبھی توہین قرآن، یہ سلسلہ اس وقت تک نہیں تھمے گا جب تک مسلم اُمہ متحد ہو کر اپنا مشترکہ لائحہ عمل نہیں اپناتی۔

علامہ حسن رضا باقر نے کہا کہ قرآن کی حفاظت کا ذمہ خود خداوند کریم نے لے رکھا ہے، اگر یورپ نے گستاخیوں کے اس سلسلے کو بند نہ کیا تو یہ تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب ادارہ منہاج الحسینؑ کے سربراہ علامہ محمد حسین اکبر نے مکہ مکرمہ میں حرمتِ قرآن کے حوالے سے اجتماع میں شرکت کی۔ جس میں انہوں نے حرمت قرآن کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

علامہ محمد حسین اکبر کا کہنا تھا کہ قرآن کی حرمت پر کوئی مسلمان سمجھوتہ نہیں کر سکتا، مغربی حکومتوں کو ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی بجائے حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، ایسے اقدامات بدامنی کا باعث بن سکتے ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .