حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی نیشنل سالویشن حکومت نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد ملک میں سویڈش مصنوعات کے امپورٹ پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔
یمنی ذرائع کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن گورنمنٹ کے وزیر تجارت و صنعت محمد مطہر نے بتایا ہے کہ یمن کی وزراء کونسل نے ملک میں سویڈش مصنوعات کے داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جو تاجروں اور ان کے نمائندوں سے رابطے میں رہ کر ان سے اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے بات کرے گی۔
یمن کے وزیر تجارت نے کہا کہ ملک میں سویڈش مصنوعات کی درآمدات کم ہیں لیکن ان پر پابندی اس لیے لگائی گئی ہے تاکہ قرآن کریم کی بے حرمتی کے حوالے سے ان کے ملک کا تنقیدی پیغام دنیا تک پہنچے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر سویڈش مصنوعات بندرگاہوں پر پہنچیں تو انہیں وہیں روک دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 28 جون کو ایک بنیاد پرست سویڈش شہری نے حکومت کی اجازت کے بعد پولیس کی حراست میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی تھی جس کے بعد دنیا بھر سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔