حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اتوار کے روز یونانی دارالحکومت ایتھنز میں روز نواسۂ رسول ؐحضرت امام حسینؑ اور اُن کے باوفا اصحاب کی یاد میں جلوس نکالا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، شیعہ مسلم کمیونٹی گریس کے زیر اہتمام نکالا جانے والا یہ مرکزی جلوس وسطی ایتھنز میں واقع ٹاون ہال سے برآمد ہوا اور شہر کی اہم شاہراہوں سے گُزرتا ہوا یونانی پارلیمنٹ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کے دوران عزادار روایتی انداز میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے رہے، جبکہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے اکابرین نے بھی جلوس عزاء میں شریک ہوکر حضرت امام حسینؑ اور اُن کے جانثاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
رپورٹ کے مطابق، شہدائے کربلا سے اظہارِ عقیدت کرنے کیلئے جلوس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی، جلوس کے راستے پر رضاکاروں کی جانب سے پانی اور مشروبات کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں۔
جلوس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نمائندہ شیعہ مسلم کمیونٹی سید اشیر حیدر نے بھرپور تعاون اور بہترین انتظامات پر شہری انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ محرم الحرام کے آغاز کیساتھ ہی ایتھنز سمیت یونان کے مختلف شہروں اور جزائر میں اہل بیتؑ کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کیلئے محافل و مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔