حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے وفد نے اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصل جنرل علی رضا استواری سے ملاقات کی اور انہیں اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے نائب صدر علامہ سید محمد رضا اخلاقی کی سربراہی میں ایک وفد نے قائم مقام قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ علی رضا استواری سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے چہلم سیدالشہداء کے موقع پر پاکستان سے ایران اور عراق جانے والے زائرین کو درپیش مشکلات کا تذکرہ کیا۔ وفد نے زائرین کی سہولت کیلئے کانوائی کے پہنچنے پر تفتان میں ایرانی ایمیگریشن 24 گھنٹے فعال رکھنے کی استدعا کی۔ اسکے ساتھ ساتھ یہ بھی درخواست کی گئی کہ عراق کی طرح اسلامی جمہوریہ ایران بھی چہلم اور چہل ہشتم کے موقع پر ویزہ فیس فری کرے۔
ایرانی قائم مقام قونصل جنرل نے وفد سے کہا کہ ان کی گزارشات پر غور کرینگے۔ شیعہ علماء کونسل صوبہ بلوچستان کے وفد میں صوبائی جنرل سیکرٹری سید اعجاز حسین، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید جان شاہ افضلی، ضلعی صدر کربلائی جواد حسین اور الزیشان کاروان کے مالک کربلائی رحیم شامل تھے۔