۱۸ شهریور ۱۴۰۳ |۴ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 8, 2024
مولانا اسلم رضوی

حوزہ/ سربراہ شیعہ علماء بورڈ مہاراشٹرا نے کہا کہ اقلیتوں کے لیے سرکار کی طرف سے بہت سے حقوق ملتے ہیں جو کسی وجہ سے ہمیں نہیں مل سکے اب ضرورت ہے کہ ہندوستان کے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سب مل کر اسے حاصل کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ سماج کے ابھرتے ہوئے سیاسی و سماجی لیڈر جناب افضل داودانی نے مہاراشٹرا کے علما اور مہاراشٹرا سرکار کے ایک اہم ڈیلی گیشن کی مشترکہ میٹینگ بلائی ۔

اس میٹینگ کا ایجنڈا یہ تھا کہ شیعوں کو ان کے وہ حقوق جو بھارت سرکار یا صوبائی سرکاریں اقلیتوں کو دیتی ہیں وہ شیعوں کو بھی ملنا چاہیے ۔

اس اہم کام کے لیے جناب افضل داودانی نے مہاراشٹرا کے علما اور سرکار میں شامل اہم لوگوں کی میٹنگ مولانا اسلم رضوی، سربراہ شیعہ علماء بورڈ مہاراشٹرا کی صدارت میں بلائی جس میں پچاس کے قریب ممبئی اور ممبئی سے باہر کے علما شریک ہوئے ۔ اسی طرح میڈیا سے جڑے ہوئے پندرہ سے بیس کے قریب صحافی حضرات اور کچھ مومنین بھی موجود رہے ۔

مہاراشٹرا کی ایک جانی مانی سیاسی شخصیت جناب ادریس ملتانی نے اپنی تقریر اور پریس کانفرس دونوں میں افضل داودانی کی میزبانی کا شکریہ ادا کیا اور یہ کہا کہ ہم افضل داودانی صاحب سے بہت پر امید ہیں مہاراشٹرا کے تمام علما کو میں یہ بتا دوں کہ سرکار سے شیعوں کو ان کے حقوق دلانے کے لیے ہم نے , افضل داودانی صاحب کے ساتھ مل کر کوشش شروع کر دی ہے علما کا ایک گروپ وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی سے مل کر اپنے مطالبے کو ان کے سامنے رکھے گا ۔

اس میٹینگ کے جلسے کے صدر مولانا اسلم رضوی نے صحافیوں سے کہا کہ اس اہم جلسے کو کمزور کرنے کے لیے یہ افواہ پھیلائی جا رہی ہے کہ یہ پروگرام بی جے پی کو سپورٹ کرنے کے لیے کیا گیا ہے ۔ جب کہ افواہ پھیلانے والے جانتے ہیں کہ وہ افواہ پھیلا رہے ہیں کیوں کہ حکومت سے اپنا حق مانگنا یہ سپورٹ کرنا نہیں ہے۔

اقلیتوں کے لیے سرکار کی طرف سے بہت سے حقوق ملتے ہیں جو کسی وجہ سے ہمیں نہیں مل سکے اب ضرورت ہے کہ ہندوستان کے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سب مل کر اسے حاصل کریں اور اس میں شک و شبہ پیدا کرنا صحیح نہیں ہے ۔ہماری قوم کا ایک ایکٹیو جوان افضل داودانی اس درد کو لے کر آگے بڑھا ہے تو اس پر سیاست نہ کی جائے یہ قوم کا معاملہ ہے اس لیے سب لوگ مل کر آگے آئیں ۔

مولانا اسلم رضوی کے علاوہ اس جلسے سے مولانا عزیز حیدر صاحب سیکریٹری شیعہ علما بورڈ مہاراشٹرا , جناب جنید خان ، جناب وسیم خان ، جناب افضل داودانی اور چند لوگوں نے اس ضروری موضوع پر روشنی ڈالی ۔فریدہ باد (دلی) کے امام جمعہ اور با اثر عالم مولانا زہیر جعفری بھی اس جلسے میں موجود تھے ۔جناب علی عباس وفا نے اس پروگرام کی نظامت کی اور اس کے کنوینر مولانا علی عباس اور تابش سید تھے۔

یہ پروگرام آی وی ٹی اور جعفری ویلفیر سوسایٹی رجسٹرڈ کے بینر تلے منعقد ہوا۔ علما اور آنے والے تمام میہمانوں کی پزیرائی کی گئی ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .