۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حرم امام رضا علیہ السلام

حوزہ/ پیغمبر عظیم الشان حضرت محمد مصطفی(ص) کی بعثت اور انقلاب اسلامی کے موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام کو خصوصی برقی قمقموں کی لائٹنگ سے سجانے کے ساتھ ساتھ زائرین و مجاورین کی پذیرائی کے لئے ہر قسم کے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پیغمبر گرامی اسلام حضرت محمد مصطفی(ص)کی بعثت اور انقلاب اسلامی کی فتح کی۴۵ویں سالگرہ کے موقع پرحرم امام رضا علیہ السلام کے خادموں نے اس نورانی اور ملکوتی بارگاہ کو مختلف لائیٹوں اوربنرز سے سجانے کے ساتھ ساتھ ماہ رجب المرجب کی اس عید کی مناسبت سے زائرین و مجاورین کی پذیرائی کے لئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔

۲۳ ہزار رنگ برنگی لڑیوں کے ذریعہ حرم امام رضا(ع) میں چراغانی

اسی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) کے صحن امام حسن مجتبیٰ(ع) میں ۲ ہزار میٹر سے زائد نئی رنگ برنگی لڑیوں کی تنصیب کا کام جاری ہے ان لڑیوں کی تنصیب سے حرم امام رضا(ع) میں لائیٹنگ اور روشنی کی مقدار۲۳ ہزار میٹر سے بھی زیادہ ہو جائے گی، جس سے حرم امام رضا(ع)کے صحن رنگ برنگی روشنیوں سے چمک اٹھیں گے اوراس بارگاہ کے خوبصورت فن تعمیر کی خوبصورتی کو مزید چار چاند لگ جائیں گے۔

عید بعثت کی مناسبت سے مختلف بنرز اور نوشتہ جات کی تنصیب

عید بعثت خاتم الانبیاء(ص) کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) کے مرکزی صحنوں میں دوبڑے بنرزنصب کئے گئے ہیں،ان بنرز کے علاوہ عید مبارک کے مختلف نوشتہ جات صحن انقلاب اسلامی،صحن آزادی،صحن جمہوری اسلامی،صحن گوہرشاد،صحن کوثر،صحن قدس اور صحن غدیر میں آویزاں کئے گئے ہیں۔

انقلاب اسلامی کی فتح کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے خوبصورت پرچم کے ساتھ عید بعث کا بہت بڑا بنر صحن پیامبر اعظم(ص) میں نصب کیا گیا ہے ۔

ان نوشتہ جات کے علاوہ حرم امام رضا علیہ السلام کو عطیہ کئے گئے پھولوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس سے حرم امام رضا(ع) کی خوبصورتی کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔

زائرین کی خدمت کے لئے دوموکب لگائے گئے ہیں

عید بعثت پیغمبراسلام(ص) کے موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام میں زیارت کے لئےمشرف ہونے والے زائرین و مجاورین کی پذیرائی کے لئے آیت اللہ طبسی روڈ اورباب الہادی گیٹ پر دو موکب لگائے گئے ہیں ان دو موکبوں پر زائرین و مجاورین کے درمیان چائے،مٹھائی اور کیک وغیرہ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

نیز حرم امام رضا(ع) کے چائے خانوں پر بھی زائرین کی بہترین انداز میں پذیرائی کی جا رہی ہے ۔

دفتری سرگرمیاں چوبیس گھنٹے جاری رہیں گی

ماہ رجب المرجب کے ان بابرکت ایّام میں حرم امام رضا(ع) کے تمام دفاتر اور خدماتی ادارے جیسے صفائی کا ادارہ،قالینوں کا ادارہ، امداد دینے اور ویل چیئرز فراہم کرنے والا ادارہ،نقدی اور قیمتی سامان امانت کے طور پر رکھنے والا ادارہ،گمشدہ افراد کا ادارہ اورہنگامی طبی مراکز وغیرہ چوبیس گھنٹے زائرین اور مجاورین کے لئے کھلے رہیں گے ۔