۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
پاکستان کے قونصل جنرل کی آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امورکے سربراہ سے ملاقات

حوزہ/ ایران کے شہر مشہد مقدس میں تعینات اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قونصل جنرل نے آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امور کے سربراہ سے ملاقات اور گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے شہر مشہد مقدس میں تعینات اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قونصل جنرل نے آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امور کے سربراہ سے ملاقات اور گفتگو کی۔یہ ملاقات آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امور کے دفتر میں ہوئی جس میں آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امور کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین جناب مصطفی فقیہ اسفند یاری نے ایران اور پاکستان کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر تاکید کرتے ہوئے مشہد مقدس میں پاکستان کے قونصل جنرل کی جانب سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے حرم امام رضا(ع) کی جانب سے غیرملکی زائرین کو دی جانے والی خدمات کا ذکر کیا اور ان غیرملکی زائرین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے آستان قدس رضوی کی منصوبہ بندی اور ایجنڈے سے بھی آگاہ کیا جن میں زائرین کی انشورنس اور علاج و معالجہ کا مسئلہ بھی شامل ہے ۔

اس ملاقات کے دوران مشہد مقدس میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل جناب محمد شہریار خان نے تمام زائرین بالخصوص پاکستانی زائرین کو آستان قدس رضوی کی جانب سے دی جانے والی خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام بشمول اہل تشیع اور اہلسنت تمام کے تمام پیغمبر اسلام(ص) کی آل سےخصوصاً امام رضا علیہ السلام سے خصوصی محبت و عقیدت رکھتے ہیں۔

انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد جب ایران تشریف لاتا ہے تو وہ مشہد مقدس بھی حاضر ہو اور امام رضا علیہ السلام کی زیارت سے شرفیاب ہو کر آستان قدس رضوی کے مہمان بنے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .