۲۱ آذر ۱۴۰۳ |۹ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 11, 2024
علامہ اشفاق وحیدی

حوزہ / علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: آج دنیا میں جہاں جہاں اسلام نظر آتا ہے وہ حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تحریک اسلام پر اپنا مال و دولت، ہیرے و جواہرات بی بی خدیجہ سلام اللہ علیہا نے قربان کر دئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آسٹریلیا میں مقیم ممتاز مذہبی و سیاسی اسکالر علامہ اشفاق وحیدی نے بی بی خدیجہ الکبری سلام اللہ علیہا کے یوم وفات پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تمام ازدواج امہات المومنین ہیں لیکن یہ فضلیت بی بی خدیجہ سلام اللہ علیہا کو حاصل ہے کہ وہ ام المعصومین (ع) ہیں۔

انہوں نے کہا: بی بی خدیجہ سلام اللہ علیہا کا کردار، سیرت اور جذبہ دور حاضر کی خواتین کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ ماں، بیٹی، بہن، زوجہ کے حقوق کی پاسداری سیدہ سلام اللہ علیہا کی سیرت میں نمایاں نظر آتی ہے۔

حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: بی بی خدیجہ سلام اللہ علیہا اسلام کی سربلندی دین الٰہی کی بقاء کے لیے جدوجہد کرتی رہیں۔ عرب دنیا میں بی بی سلام اللہ علیہا "ملیکۃ العرب" کے نام سے پہچانی جاتی تھیں لیکن کبھی سیدہ خدیجہ سلام اللہ علیہا نے مال و دولت پر فخر نہیں کیا اگر کیا ہے تو حضرت محمد (ص) جیسے شوہر اور چودہ معصومین (ع) کی ماں ہونے پر فخر کیا۔

انہوں نے مزید کہا: آج اس معاشرہ میں عورت کو آزادی کے نام پر اپنے مذہب اور دین سے دور کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے تمام خواتین اپنے جائز حقوق حاصل کرنے میں ناکام نظر آتی ہیں۔ ان حالات میں خواتین کو حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے جذبۂ ایمانی اور علوم سیدہ سے روشناس کرانا وقت کا تقاضا ہے تاکہ تمام خواتین بی بی خدیجہ سلام اللہ علیہا کو اپنا رول ماڈل بناتے ہوئے خوشحالی کی زندگی بسر کر سکیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .