حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آسٹریلیا میں نمائندہ مجمع تقریب بین المذاہب و مسالک حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے آسٹریلیا کے دارالخلافہ شہر کانبرا میں امام حسن (ع) سینٹر میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا: نوجوان نسل کو امام علی علیہ السلام کی سخاوت، عدالت، زھد و تقوی کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا: موجودہ حالات میں جہاں ہر طرف سے معاشرہ پر مختلف قسم کے حملوں کی یلغار ہے، اس سے مقابلہ کرنے کے لیے علوم امام علی علیہ السلام کو معاشرے کے ہر شخص تک عام کرنا ہو گا۔
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: امام علی علیہ السلام کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں سے ہدایت اور رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ امام علی اور اولاد علی علیہ السلام نے تمام مصائب و آلام کو برداشت کر کے اسلام کی سربلندی اور دین الہی کے لیے جدوجہد کو جاری رکھا۔
انہوں نے مزید کہا: اگر دنیا کے حکمران عوام کو خوشحال اور عدل و انصاف دلانا چاہتے ہیں تو سیاست امام علی علیہ السلام کو اپنی پالیسیوں کا حصہ بنا کر ان سے استفادہ کریں۔
علامہ اشفاق وحیدی نے مولا علی علیہ السلام کی زندگی کے ایک پہلو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محروموں، مظلوموں اور یتیموں کا سہارا علی ابن ابی طالب علیہما السلام تھے۔