حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کراچی اور میانوالی میں جلوس عزاء پر پتھراؤ اور فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت وقت کو متنبہ کیا ہے کہ ان مٹھی بھر دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرے، جنہوں نے نواسہ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے چہلم میں شریک عزاداروں پر سر عام دھاوا بول کر چار عزاداروں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کیا ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے اور ان شرپسندوں کو لگام دے، اسلام آباد، وزیر آباد، ملتان اور ملک کے دیگر شہروں میں اربعین جلوس کے شرکاء پر ریاستی جبر و استبداد بھی تشویشناک ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عزاداری کے خلاف ہونے والی بلا جواز ایف آئی آرز کو خارج اور گرفتار عزاداروں کو فی الفور رہا کیا جائے، عزاداری سید الشہداء ہمارا بنیادی و آئینی حق ہے جس پر کسی قسم کی قدغن اور رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، ان واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، عزاداری کے پروگراموں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، پنجاب میں شدت پسندی کے بہیمانہ واقعات سیکورٹی اداروں کی نااہلی ہے جس کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے۔