۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
عراقی اور مصری وزرائے اعظم

حوزہ/عراقی وزیر اعظم اور مصری صدر نے غزہ کی پٹی میں جنگ کا جائزہ لیتے ہوئے ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست پر زور دیا ہے جس کا دارالخلافہ بیت المقدس ہو۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے مصر کے شہر العلمین میں مصری صدر عبد الفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر فریقین نے عراق اور مصر کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

دونوں رہنماوں نے غزہ کے عوام پر غاصب صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔

السیسی اور السودانی نے خطے کی صورتحال کے پیشِ نظر مصر اور عراق سمیت دیگر دوست اور برادر ممالک کے ساتھ مسلسل ہم آہنگی کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔

اس موقع پر عراقی وزیراعظم السودانی نے کہا کہ مستحکم عراق خطے کے تمام بھائیوں اور دوستوں کے لیے طاقت کا عنصر ہے۔ عراقی حکومت ملک کے بہترین مفاد میں ترقی کے شعبے میں آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عراق علاقائی اور دوست ممالک کے درمیان ملاقات کا میزبان بن سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ عالمی برادری کی خاموشی صیہونی حکومت کو تمام ریڈ لائن عبور کرنے کی ترغیب دیتی ہے، کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے مصر کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

مصری صدر نے عراق کے ساتھ تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں مکمل تعاون میں گہری دلچسپی پر بھی زور دیا۔ السیسی نے خطے اور دنیا کے ممالک کی سطح پر استحکام اور اقتصادی ترقی کے لئے عراقی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .