حوزہ نیوز ایجنسی| آیت اللہ العظمیٰ سید محمد رضا گلپایگانیؒ جس زمانے میں کرائے کے مکان میں زندگی گزارا کرتے تھے، اس دوران پیش آنے والے ایک واقعے نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی ان پر خاص عنایت کو آشکار کیا۔ اس واقعے میں ایک خواب کے ذریعے آیت اللہ گلپایگانی کے لیے رہائش کا بندوبست ہوا، جس کی تفصیلات دل کو چھو لینے والی ہیں۔
آیت اللہ گلپایگانیؒ کی زندگی میں اجارہ نشینی کے باعث کئی بار گھر تبدیل کرنا پڑا۔ ایک بزرگ عالم دین، جو خود بھی زہد و تقویٰ کے مظہر ہیں، فرماتے ہیں کہ آیت اللہ گلپایگانیؒ نے اپنی زندگی کے ابتدائی دور میں تقریباً پچیس مکانات تبدیل کیے۔
ایک مرتبہ آیت اللہ گلپایگانیؒ مکان کی تلاش میں نکلے ، قم المقدسہ میں باغ پنبہ نامی علاقے میں موجود ایک گلی میں ایک معمر خاتون کے مکان پر پہنچے، اس خاتون نے ان سے پوچھا، "آپ کا نام کیا ہے؟"
انہوں نے جواب دیا، "سید محمد رضا۔"
خاتون نے دوبارہ سوال کیا، "آپ کہاں سے ہیں؟"
انہوں نے فرمایا، "گلپائگان سے ہوں۔"
اس پر خاتون نے فوراً پیشکش کی کہ میرا مکان آپ کے لیے حاضر ہے۔
جب آیت اللہ گلپایگانیؒ نے اصرار کی وجہ پوچھی تو خاتون نے بتایا: "رات میں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو خواب میں دیکھا۔ انہوں نے مجھے نام لے کر مخاطب کیا اور فرمایا: 'میرے بیٹے محمد رضا کے پاس مکان نہیں ہے، وہ گھر کی تلاش میں ہیں۔ اپنا مکان انہیں دے دو۔
خاتون نے مزید کہا: "اسی خواب کے سبب میں صبح سے آپ کی منتظر تھی۔"
یہ واقعہ نہ صرف آیت اللہ گلپایگانیؒ کی زندگی میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عنایت کا مظہر ہے بلکہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ اہل بیتؑ اپنے حقیقی محبوں اور خادموں کی زندگی کے مسائل میں کس طرح ان کی مدد کرتے ہیں۔
کتاب: نوری از ملکوت