حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرِ خارجہ شام کا دورہ مکمل کر کے ترکی پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مقابلے میں شام کو ایران اور مقاومتی گروہوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرِ خارجہ نے انقرہ پہنچتے ہی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام کا سفر کامیاب رہا ہے اور صدر بشار الاسد سے اہم اور مفید گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ شام میں حالات بہت سخت ہیں، البتہ شامی حکومت تکفیری دہشت گردوں کے مقابلے میں مضبوط اور مکمل تیار ہے۔
جناب ڈاکٹر عباس عراقچی نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بشار الاسد، شامی حکومت، فوج اور عوام کے ساتھ ہے۔ گزشتہ سالوں کے دوران اس سے بھی سخت حالات میں داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ ایران اور مقاومتی گروہوں کی حمایت شام کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انقرہ میں ترک وزیر خارجہ کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان کچھ امور پر تشویش پائی جا رہی ہے، ان امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔