حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ممبئی/ ممبئی کے امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے 13 دسمبر 2024 کو شیعہ خوجہ جامع مسجد ممبئی میں جمعہ کے خطبے میں کہا کہ اس وقت دنیا کے حالات پیش نظر ہیں اور جس طرح سے حالات غیر متوقع طور پر بدل رہے ہیں اس میں بہت سے ایسے افراد ہوں گے کہ حالات سے پریشان ہوں گے، مایوس ہوں گے اور ان حالات کو کچھ لوگ بعض روایتوں کی بنیاد پر ہمارے امام کے ظہور کی علامتیں قرار دے رہے ہیں کہ دجال کا دور آ گیا ہے اور شام سے سفیانی نکلنے والا ہے اور امام کا ظہور بہت جلد ہونے والا ہے، اس طرح کی باتیں آپ سوشل میڈیا پر سن رہے ہوں گے۔ اس سے پہلے بھی جب شام کے حالات خراب ہوئے تھے اور وہ بھی زمانہ جمادی الاول اور رجب کے درمیان کا زمانہ تھا اس وقت بھی بہت سے لوگوں نے ان حالات کو ظہور کی علامت قرار دیا تھا کہ بس چند دنوں میں، چند مہینوں میں ظہور ہو جائے گا آپ کی خدمت میں گزارش یہ ہے حضرت کا ظہور آفتاب اور سورج کے نکلنے کی طرح یقینی ہے دنیا کی کوئی بھی طاقت ان کے ظہور کو روک نہیں سکتی اور نہ اس ظہور میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے مزید فرمایا: ظہور ہوگا یقینا ہوگا اور ہمارے امام کا ظہور ہوگا کہ ظہور کو کوئی چیز روک نہیں سکتی لیکن روایتوں میں ائمہ معصومین علیہم السلام نے فرمایا: "جو لوگ ظہور کا وقت معین کر رہے ہیں وہ جھوٹے ہیں." کہ وہ ایک مہینے میں دو مہینے میں آ رہے ہیں، چھوٹا ظہور ہو گیا ہے، بڑا ظہور ہو گیا ہے، صبح صادق آ گئی ہے، سورج آنے والا ہے، بس اب آئے تب آئے۔ اس طرح کی باتیں ہوتی رہتی ہیں۔ زمانہ آ جاتا ہے گذر جاتا ہے، حضرت کا ظہور نہیں ہوتا اس سے دھیرے دھیرے لوگوں کے ذہن میں حضرت کے تعلق سے ایک طرح کی مایوسی چھانے لگتی ہے ظہور کا تعلق اصل میں صرف اور صرف خداوند عالم کے حکم سے ہے، اگر خداوند عالم ظہور کو مقدر کرے گا کہ خداوند عالم ایک رات میں سارے امور مہیا کر سکتا ہے ہم اور آپ اسباب کے محتاج ہیں، وقت و زمانہ کے محتاج ہیں۔ خداوند عالم وقت و زمانہ سے اوپر ہے وہ نہ وقت کا محتاج ہے نہ وہ زمانے کا محتاج ہے اگر چاہے تو مٹی سے مرد عورت پیدا کرتا ہے اب وہ چاہے تو بغیر باپ کے بھی اولاد عطا کر دیتا ہے۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے خداوند عالم کی قدرت اور ارادہ کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: اس کے ارادے کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی خدا سب پر فوقیت رکھتا ہے اور دنیا کی کوئی بھی سپر طاقت اپنی ساری طاقتیں سمیٹ کر بھی خدا کے ارادے میں ایک ذرہ بھی کمی نہیں لا سکتی۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی روایت بیان کرتے ہوئے فرمایا: دور حاضر میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہونے والے مصائب و مشکلات پر صبر سے کام لیں اور امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے ظہور کی دعا کریں۔ مصائب و مشکلات پر بے حسی مناسب نہیں ہے بلکہ بے چینی رہے، صبر کریں اور اللہ سے دعا کریں۔