حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی فوج نے اپنے اہلکاروں کو بیرون ملک ممکنہ گرفتاریوں کے حوالے سے سخت وارننگ دی ہے۔ یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب ایک اسرائیلی فوجی برازیل میں جنگی جرائم کے الزام کا سامنا کرنے کے بعد ملک سے فرار ہوگیا۔
اسرائیلی اخبار "ھارتز" کے مطابق یہ وارننگ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں پر جنگی جرائم کے الزامات اور قانونی کارروائیوں کے نتیجے میں جاری کی گئی ہے، خصوصاً غزہ کی حالیہ جنگ میں شرکت کے باعث۔
رپورٹ کے مطابق اس وارننگ کا ہدف زیادہ تر اسرائیلی فوج کے ذخیرہ فوجی ہیں، کیونکہ فعال اہلکار پہلے سے اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر نہیں کرسکتے۔
مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیل ان ممالک سے رابطے میں ہے جہاں اس کے فوجیوں کے خلاف شکایات درج ہوئی ہیں، تاکہ ممکنہ تحقیقات اور گرفتاریوں سے بچا جا سکے۔
گزشتہ روز برازیل کی ایک عدالت نے، فلسطینی تنظیم "ہند رجب فاؤنڈیشن" کی شکایت پر، ایک اسرائیلی فوجی کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے پولیس کو ہدایات جاری کیں۔ یہ فوجی جو ذخیرہ فوجی تھا اور بطور سیاح برازیل میں موجود تھا، عدالتی حکم کے باوجود ملک چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق وہ اسرائیل واپس جا رہا ہے، تاہم اس کے فرار کے طریقہ کار کی تفصیلات ابھی واضح نہیں ہیں۔
"ہند رجب فاؤنڈیشن" نے اس فرار ہونے کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ اس نے عدالتی کارروائی سے بچنے کے لیے اسے فرار کروایا، فاؤنڈیشن کے وکیل نے شواہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ فوجی فلسطینی شہریوں کے گھروں کو تباہ کرنے میں سرگرم تھا۔
اسرائیلی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق، پچھلے مہینے سری لنکا میں ایک فلسطینی حامی گروپ نے ایک اسرائیلی فوجی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اسے وہاں سے واپس بلا لیا۔
آپ کا تبصرہ