ہفتہ 11 جنوری 2025 - 22:14
حسب سابق ایران کا انسانی ہمدردی کا مظاہرہ؛ امریکی آتشزدگی متاثرین کے لئے امداد بھیجنے کی آمادگی

حوزہ/ ایرانی ہلال احمر کے سربراہ نے لاس اینجلس میں آتشزدگی کے متاثرین کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ میں انسانی امداد بھیجنے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی ہلال احمر کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے لاس اینجلس میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی کے متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ میں انسانی امداد بھیجنے کے لئے آمادگی ظاہر کی ہے۔

حسب سابق ایران کا انسانی ہمدردی کا مظاہرہ؛ امریکی آتشزدگی متاثرین کے لئے امداد بھیجنے کی آمادگی

اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر کے چیئرمین کے امریکی ریڈ کراس کے سربراہ کلف ہولٹز کو بھیجے گئے پیغام کا متن کچھ یوں ہے:

آپ کے ملک کے بڑے حصوں میں وسیع پیمانے پر آگ لگنے کی خبر سے دلی صدمہ پہنچا، اس قدرتی آفت نے نہ صرف گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، بلکہ ہزاروں لوگوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا اور آپ کے ملک کے خوبصورت فطری مقامات کو راکھ میں تبدیل کر دیا، اس بڑی تباہی پر دنیا بھر کے تمام ذمہ دار افراد ہمدردی کا اظہار کرنے پر مجبور ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر کی جانب سے، ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں آپ اکیلے نہیں ہیں۔ حالیہ آتشزدگی نے ظاہر کیا ہے کہ اس بحران پر قابو پانا مقامی صلاحیتوں سے بالاتر ہے اور آگ بجھانے کے لیے عالمی مدد کی ضرورت ہے اور آگ بجھانے کی طویل کاروائیوں کے باعث شعلوں کا تیزی سے پھیلنا نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے، بلکہ زمین اور ماحول کے مستقبل کے لیے بھی خطرہ ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی، قدرتی اور انسانی آفات سے نمٹنے کے اپنے وسیع تجربے پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنی خصوصی فوری رسپانس ٹیمیں، ریسکیو آلات اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کو متاثرہ جگہوں پر بھیجنے کے لیے تیار ہے۔

انسان دوستی کے جذبات اور اعلیٰ اسلامی اور انسانی اقدار کے ساتھ ہماری وابستگی کا تقاضا ہے کہ ہم سرحدوں، ثقافتوں اور زبانوں سے بالاتر ہو کر اس بحران پر قابو پانے کے سلسلے میں آپ کی مدد کریں۔

ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی تعاون، یکجہتی اور باہمی ہم آہنگی کے ذریعے ہم اس بحران پر قابو پاسکتے ہیں اور ان لوگوں کے لیے ایک روشن مستقبل بنا سکتے ہیں جو آج آتشزدگی کے بے رحم شعلوں میں گھرے ہوئے ہیں۔

لہٰذا جناب عالی اور اس بحران سے متاثرہ لوگوں سے اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہم ضروری انتظامات کے لیے آپ کے جواب کے منتظر ہیں۔

پیرحسین کولیوند
سربراہ ایرانی ہلال احمر سوسائٹی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha