حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آج 21 اگست کو بین الاقوامی یوم مسجد منایا جاتا ہے، اس تاریخ کو مسجد کا عالمی دن منانے کی وجہ وہ واقعہ ہے جو 56 سال قبل مسجد اقصیٰ میں پیش آیا تھا جو مسلمانوں کا قبلہ اول ہے۔
21 اگست 1969 کی صبح سات بجے ڈینس مائیکل ولیم روہن نامی ایک انتہا پسند صہیونی نے اس وقت کی حکومت کی حمایت میں ایک منصوبہ بند کارروائی میں مسجد الاقصیٰ کو آگ لگا دی، دہشت گردی کی اس کارروائی کے نتیجے میں مسجد کا 1500 مربع میٹر جل گیا۔
اس مجرمانہ فعل میں مسجد کے تین برآمدے اور ان کی بنیادیں اور محراب اور مرکزی بنیاد جس پر مسجد کا گنبد واقع تھا جلا دیا گیا، مسجد کی چھت گر گئی تھی، اس کی سجاوٹ کو تباہ کر دیا گیا اور مسجد کے اندر لکڑی کے گنبد کے کچھ حصے، محراب، قبلہ کی دیوار، مسجد کے اندر سنگ مرمر، رنگین شیشے سے بنی کھڑکیاں، قالین، محراب کے اوپر کی ٹائلوں پر سونے میں لکھا ہوا قرآن مجید کا سورہ وغیرہ تباہ ہو گئے۔
آگ پر قابو پانے کے بعد صیہونی حکومت نے ایک آسٹریلوی سیاح کو مسجد اقصیٰ میں آتشزدگی کا ذمہ دار ٹھہرایا، گرفتار کر کے تل ابیب میں فرضی مقدمہ چلایا اور صیہونی کو ذہنی مریض قرار دے کر رہا کر دیا۔
1967 کی 6 روزہ جنگ میں مغربی کنارے کے ساتھ ساتھ صیہونی حکومت نے القدس کے مشرقی حصے پر قبضہ کر لیا، اس کے بعد صہیونی حکام نے مسجد الاقصی کو تباہ کرنے کی سازش کی، مسجد اقصیٰ کو تباہ کرنے کا مقصد اس کی جگہ یہودی ہیکل کی تعمیر کے لیے بنیاد تیار کرنا تھا، جس کے لیے انتہا پسند صہیونی تاحال کوشاں ہیں، نیتن یاہو کی قیادت میں اب تک کی سب سے بنیاد پرست اور انتہا پسند حکومت کے قیام کے بعد اس پر کام تیز کر دیا گیا ہے۔
اس آگ لگانے کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی، 1969 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا اور اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد 271 پاس کی، اسلامی ممالک میں عوام نے صیہونی حکومت اور اس کے مغربی حامیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے، اسلامی ممالک نے بھی ایکشن لیا اور عالم اسلام اور اسلامی عقائد کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے اسلامی کانفرنس تنظیم تشکیل دی۔
مسجد اقصیٰ کو اسلام میں بہت مقدس سمجھا جاتا ہے اور یہ مسلمانوں کے لیے تیسرا مقدس ترین مذہبی مقام ہے، صیہونی حکومت نے مسجد الاقصی کو تباہ کرنے کی حکمت عملی اپنا رکھی ہے، وہ اس مقصد کو حکمت عملی کے طور پر حاصل کرنا چاہتا ہے، وہ ہر ممکن موقع سے فائدہ اٹھا کر اسے نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔