حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ان کا ملک غزہ میں فوری تعمیر نو کے منصوبے تیار کر رہا ہے تاکہ فلسطینی عوام اپنی سرزمین پر ہی رہ سکیں۔ انہوں نے یہ مؤقف بحرین کے وزیر خارجہ عبد اللطیف الزیانی سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران پیش کیا۔
عبدالعاطی نے کہا کہ مصر غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے سرگرم ہے اور اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ امدادی سامان تیزی سے وہاں پہنچے تاکہ جنگ زدہ عوام کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر فلسطینی عوام کے حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ایک منصفانہ و دیرپا سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
مصری وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق، وزیر خارجہ نے شام کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مصر شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور شام کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے ایک جامع سیاسی عمل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ شام خطے میں استحکام کا ذریعہ بن سکے۔
گزشتہ روز، بدر عبدالعاطی نے فلسطینی وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد مصطفی سے بھی ملاقات کی، جس میں بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر غزہ کی تعمیر نو کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے ناقابل تردید حقوق کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد منصفانہ حل "دو ریاستی نظریہ" ہے، جس کے تحت 1967 کی سرحدوں کے مطابق مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین چھوڑنے پر مجبور کرنے کے بجائے، انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے گھروں میں محفوظ زندگی گزار سکیں۔
آپ کا تبصرہ