حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، صوبہ خراسان رضوی میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے مہدیہ مشہد مقدس میں منعقدہ تقریب نیمہ شعبان میں خطاب کے دوران فردی اور اجتماعی زندگی میں امام زمانہ (عج) پر اعتقاد کی اہمیت پر زور دیا اور کہا: دنیا کے تمام مذاہب کے پیروکار اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ آخرکار دنیا ایک آسمانی طاقت کے ذریعہ عدل و انصاف پر مبنی ہو جائے گی۔ تاہم یہ طاقت کون ہے اور کہاں موجود ہے؟، یہ ان کے لیے واضح نہیں جبکہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ امام زمانہ (عج) موجود ہیں، سیاسی و سماجی حالات کو دیکھ رہے ہیں اور ضرورت کے وقت امداد بھی فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران سوال اٹھایا: "ہمارا امام زمانہ (عج) کے ساتھ تعلق اور نسبت کیا ہے؟" اور کہا: یہ بہت ضروری ہے کہ ہم سب سے پہلے امام زمانہ(عج) کے ساتھ اپنے تعلق کو واضح کریں۔ کیا ہم صرف ان سے محبت کرتے ہیں یا ان کے حوالے سے کوئی ذمہ داری بھی رکھتے ہیں؟ اگر ہم حضرت کے خدمت گزار ہیں تو ہمیں یہ واضح کرنا چاہئے کہ ہمارا کردار کیا ہے اور ہم کیا خدمت انجام دے رہے ہیں؟۔
امام جمعہ مشہد مقدس نے کہا: ہر شخص کو اپنی زندگی، پیشے اور ہنر میں خدمتِ امام زمانہ (عج) کی جگہ تلاش کرنی چاہئے اور ان کی رضامندی کے راستے پر قدم رکھنا چاہئے۔
نمائندہ ولی فقیہ نے امام زمانہ (عج) کے وجود مبارک کے مقاصد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ان کا وجود مبارک انسانیت میں تغیر و تحول کے ایجاد، دین اسلام کا فروغ، انسانوں کی ہدایت اور ظلم و استکبار کے خلاف جدوجہد کے لیے ہے۔ اس حوالے سے ان کی ولادت کے دن جشن اور خوشی منانا ایک نیک اور مستحسن عمل ہے لیکن اس سے زیادہ اہم یہ ہے کہ ہم اپنی جگہ اور مقام اس راستے میں معین کریں اور ان کی رضامندی حاصل کریں۔









آپ کا تبصرہ