حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کو انٹرویو دیتے ہوئے علوم و معارف اسلامی انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ڈائریکٹر حجت الاسلام والمسلمین محسن دعائی نے مشہد میں اس ادارے کی سرگرمیوں اور اسلامی تہذیب کا مطالعہ اور تحقیق کی اہمیت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے عصرِ غیبت میں اسلامی نظام کی مشروعیت کی سب سے بڑی سند اور دستاویز ولی فقیہ ہیں۔
انہوں نے کہا: اگر ہم دنیا کو اسلامی نظام کی حقانیت سے آشنا کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں دنیاوی انتظامی امور میں اسلام کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانا چاہیے۔
حجت الاسلام والمسلمین محسن دعائی نے مزید کہا: جب یہ علوم دنیا کے سامنے آئیں گے تو دنیا کے مفکرین اور انسانی معاشرے کے دل اسلام کی حقانیت اور عظمت کی طرف متوجہ ہوں گے اور وہ امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی آمد کے خواہشمند ہوں گے۔
علوم و معارف اسلامی انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ڈائریکٹر نے کہا: حوزاتِ علمیہ کے سلسلہ میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کا یہ مطالبہ ہے کہ حوزاتِ علمیہ میں مستعد اور توانا محققین سے استفادہ کرنا چاہئے۔ لہذا طلاب اسے کم نہ سمجھیں اور اسلامی نظام کی تیاری اور علمی و تحقیقی نقطہ نظر کو استوار کرنے میں اپنی تمام تر کوششیں صرف کریں۔