حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہر قیدار کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین علی موسوی نے اس شہر کے نماز جمعہ کے خطبوں میں 8 اسفند، 26 فروری "یوم امور تربیتی و تربیت اسلامی" کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: انسانی شخصیت کی تشکیل میں تعلیم و تربیت کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے نظام اسلامی میں مساجد کے مرکزی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: مساجد اسلامی نظام کے اہم مراکز میں سے ہیں، مساجد نے اسلامی انقلاب کی تشکیل، کامیابی اور تسلسل میں بے مثال کردار ادا کیا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین موسوی نے مسجد کو اسلامی تربیت کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا: مسجد انسان سازی اور دیندار، متقی اور شہادت کے خواہاں نوجوانوں کی تربیت کا مرکز ہے۔ یہ مقدس مقام دینی بصیرت میں اضافے اور عوامی افکار کو روشن کرنے کا ذریعہ ہے اور اسے اسلامی دشمنوں کے مقابلے میں آگاہی پیدا کرنے کے مرکز کے طور پر مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
امام جمعہ قیدار نے جہاد اور طاغوت سے مقابلے میں مسجد کے کردار پر تاکید کرتے ہوئے کہا: مسجد کا محراب شیطان اور استکبار کے خلاف جدوجہد کی ترغیب دیتا ہے۔ مسجد کو صدرِ اسلام کی طرح، ظالموں کے خلاف جدوجہد کے لیے مومن افراد کو منظم کرنے اور متحرک کرنے کا مرکز ہونا چاہیے۔
انہوں نے نوجوانوں اور کم عمر افراد کو مساجد کی طرف راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: محبت بھرا رویہ، نوجوانوں کو مسجد کی طرف راغب کرنے کی کنجی ہے۔ نوجوان نسل کو مسجد کی طرف متوجہ کرنا مساجد کی ترجیح ہونی چاہیے۔ مسجد کے منتظمین اور امام جماعت کو دقیق منصوبہ بندی اور ایک پرکشش ماحول کے ذریعے نوجوانوں میں مسجد سے لگاؤ پیدا کرنا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ