حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنانی عوام کا ایک بہت بڑا ہجوم شہدائے مقاومت، شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے پیدل بیروت کے کمیل شمعون اسٹیڈیم پہنچ گیا ہے، اس اسٹیڈیم کی طرف جانے والے تمام راستے خواتین، مردوں، بچوں اور بوڑھوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں جو شہید سید حسن نصر اللہ کے بیانات کی تصاویر اور پلے کارڈز اٹھائے مزاحمت اور اتحاد کی اہمیت پر زور دے رہے ہیں۔
لبنانی قومی خبر رساں ایجنسی (این این اے) کی رپورٹ کے مطابق، اس تقریب کے منتظمین نے شرکاء سے کہا کہ وہ امن و امان کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے صرف مزاحمت کے پیغام پر توجہ دیں، اس کے علاوہ لوگوں کی سہولت کے لیے اسٹیڈیم کی طرف جانے والے تمام راستوں پر بڑی اسکرینیں لگائی گئی ہیں، تاکہ لوگ تقریب کو براہ راست دیکھ سکیں۔
اس موقع پر، لبنانی فوج اور پولیس کے دستے بھی تمام راستوں پر تعینات کیے گئے ہیں اور عوام کے جمع غفیر کی رہنمائی اور عوام کی حفاظت کو برقرار رکھنے پر مامور ہیں۔
واضح رہے کہ شہید سید حسن نصر اللہ، سن 1992 سے اپنی شہادت تک حزب اللہ کے سربراہ تھے، 27 ستمبر 2024 کو بیروت کے جنوبی مضافات میں ان کے ٹھکانے پر غاصب اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے تھے، یہ حملہ حزب اللہ اور غاصب اسرائیل کے درمیان شدید جھڑپوں کے دوران ہوا، یہ جنگ اکتوبر 2023 میں غاصب اسرائیل پر تحریکِ حماس کے حملوں کے بعد شروع ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ دنیا بھر سے آئے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد کے ساتھ منعقدہ یہ نمازِ جنازہ نہ صرف غاصبانہ قبضے کے خلاف جنگ میں مزاحمتی شہداء کے کردار کی یاد دہانی ہے، بلکہ بیرونی خطرات کے خلاف لبنانی قوم کے اتحاد کی واضح علامت بھی ہے۔
آپ کا تبصرہ