حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ آیۃ اللہ العظمی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی نے معروف عالم و مبلغ مولانا سید نعیم عباس عابدی طاب ثراہ کے انتقال پر مندرجہ ذیل تعزیتی پیغام جاری کیا۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
انتہائی افسوسناک خبر موصول ہوئی کہ عالیجناب مولانا سید نعیم عباس عابدی طاب ثراہ دار مجاز سے دار قرار کی طرف انتقال کرگئے گئے ہیں۔
إنا لله وانا إليه راجعون
مولانا سید نعیم عباس صاحب نے اپنی زندگی قوم کی رہنمائی و ہدایت اور طلاب و افاضل کی تعلیم و تربیت میں بسر کی۔
مولانا مرحوم نے طلاب کی تعلیم و تربیت کے لئے مدرسہ علم الہدی منگلور اور جامعۃ المنتظر نوگاواں سادات میں عظیم خدمات انجام دیں کہ جہاں سے اب تک سینکڑوں طلاب زیور تعلیم و تربیت سے آراستہ ہو چکے ہیں اور منبر حسینی سے منفرد انداز میں تبلیغ دین انجام دیں اور مذہب سے کھیلنے والوں کی دھجیاں اڑاتے رہے۔
موصوف کی تعلیمی کارکردگی اور دیگر علمی آثار موصوف کے باقیات الصالحات میں شامل ہیں۔
حالیہ دنوں میں بزرگ عالم حجۃ الاسلام عالجناب مولانا سید سلمان عباس صاحب اعلی اللہ مقامہ کی برسی کی مجلس میں شرکت کے لئے نوگاواں سادات جانا ہوا، مگر افسوس کہ موصوف علاج کے لئے دہلی میں ایڈمٹ تھے اس لئے ملاقات نہ ہو سکی۔
مولانا سید نعیم عباس صاحب کی رحلت دینی، علمی اور قومی خسارہ ہے۔
مولانا مرحوم کے پسماندگان، وابستگان، شاگردان، عقیدت مندان خصوصا اہل خاندان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور بارگاہ معبود میں رحمت و مغفرت اور علوئے درجات کی دعا کرتے ہیں۔
مومنین کرام سے مرحوم کے علوئے درجات کے لئے سورہ فاتحہ کی گذارش ہے۔
والسلام
سید اشرف علی الغروی
باب النجف، لکھنو
26 شعبان المعظم 1446 ہجری









آپ کا تبصرہ