۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
مولانا  سید صفی حیدر زیدی

حوزہ/مولانا سید حسن عباس فطرت صاحب طاب ثراہ شاید ان نامور اور خدمت گذاراہل علم  کے سلسلہ کی آخری کڑی تھے جنھوں نے ہندوستانی مدارس میں ہی پڑھ کر ملک و بیرون میں نمایاں علمی اور ادبی خدمات انجام دیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالم، ادیب اور صحافی مولانا سید حسن عباس فطرت طاب ثراہ کے چالیسویں کے موقع پر مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ کا تعزیتی پیغام 

مکمل پیغام کا متن اس طرح ہے؛

انا للہ و انا الیہ راجعون 

مدرسہ سے تعلیم کے باوجود اپنے دور میں نادرالوجود  ادیب و صحافی الحاج مولانا سید حسن عباس فطرت صاحب طاب ثراہ کی رحلت سے نہ فقط اہل خانہ بلکہ پوری دینی، علمی اور ادبی فضا سوگوار ہے۔ انکی وفات ایک بڑا علمی، ادبی اور صحافی خسارہ ہے ۔

مولانا سید حسن عباس فطرت صاحب طاب ثراہ شاید ان نامور اور خدمت گذاراہل علم  کے سلسلہ کی آخری کڑی تھے جنھوں نے ہندوستانی مدارس میں ہی پڑھ کر ملک و بیرون میں نمایاں علمی اور ادبی خدمات انجام دیں جو نسل حاضر و آیندہ کے لئے قابل غور اورمشعل را ہ ہے۔ آپ ایک ماہر اہل قلم تھے کثرت سے لکھتے اور ہر موضوع پر لکھتے، عالم ہونے کے باوجود صحافت کے رموز سے واقف بلکہ اس فن کے ماہر تھے  آج مختلف موضوعات پر آپ کی تصانیف، تالیفات اور ترجمے موجود ہیں۔ تقریبا نصف صدی سے ملک و بیرون ملک کے اردو زبان جرائد آپ کے مقالات، مضامین اور تجزیات و تنقیدات سے مزین ہوتے آے ہیں، خود پندرہ روزہ تنظیم المکاتب سے ماہنامہ تنطیم المکاتب تک مختلف خصوصی اور غیر خصوصی شماروں میں آپ کے رشحات قلم موجود ہیں۔آپ نے اس طرح مذہبی صحافت کو فروغ دیا کہ مذہبی صحافت کو لا مذہب صحافت کے درمیان جگہ دلوا دی آپ کے مضامین خواجہ احمد عباس کے دور میں بلیٹزمیں چھپتے تھےجو اس وقت کمیونزم کے نظریہ کا مروج مضبوط و معروف ہفت روزہ تھا۔آپ نے کثرت سے لکھنے کے باوجود کبھی بھی کوی انحرافی تحریر نہیں لکھی کہ جس سے کسی کی دل آزاری ہو یا کسی کے عقیدہ یا عمل پر اثر پڑے۔ جب کہ آج کل زبان و قلم میں ایسی احتیاط کا فقدان ہے، بہت با اخلاق شخصیت تھے ہر ایک سے اخلاق اور بے تکلفی سے ملتے اور حفظ مراتب کا ہمیشہ خیال رکھتے۔    بارگاہ معبود میں دعا ہے کہ آپ پر رحمت نازل فرمائے، مغفرت فرمائے اور پسماندگان و وابستگان خصوصا آپ کے کنبہ کو صبر جمیل و اجر جزیل عطا فرمائے۔ آمین ۔

تمام پسماندگان و وابستگان خصوصا اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت عرض ہے۔ 

شریک غم 

مولانا سید صفی حیدر 

سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنو

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .