بدھ 12 مارچ 2025 - 07:00
ماہ مبارک رمضان روحانیت و معنویت کو اوج پر پہنچا دیتا ہے

حوزہ نیوز ایجنسی/ حجت الاسلام حسن پور نے کہا: ماہ رمضان تمام مہینوں سے برتر ہے اور انسانی معنویت کو اوج پر پہنچا دیتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے گفتگو میں حوزہ علمیہ الہادی (ع) چرداول کے مدیر حجت الاسلام حسن پور نے حضرت امام سجاد علیہ السلام کی دعائے حلول ماہ رمضان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: اس دعا میں امام علیہ السلام نے بارگاہ الٰہی میں عرض کیا کہ "ہمیں اس مہینے کے روزوں کے ذریعے مدد دے تاکہ اپنے اعضاء کو گناہوں سے محفوظ رکھیں اور انہیں ایسے اعمال میں مصروف کریں جو تیری رضا کا باعث ہوں، تاکہ ہم اپنے کانوں سے بے ہودہ باتیں نہ سنیں، اپنی آنکھوں کو لغویات کی طرف نہ دوڑائیں اور اپنے ہاتھوں کو حرام کی طرف نہ بڑھائیں"۔

انہوں نے کہا: یہ واضح ہے کہ ماہ رمضان اور روزے کے جو فضائل و ثواب بیان کیے گئے ہیں وہ ان لوگوں کے لیے ہیں جو اس کی حقیقت کو سمجھیں، اس کے مفہوم پر عمل کریں اور اپنے گفتار و کردار میں اسے عملی جامہ پہنائیں۔

حوزہ علمیہ الہادی (ع) چرداول کے مدیر نے مزید کہا: اسلامی روایات میں روزے کے آداب بیان کیے گئے ہیں اور وہ لوگ جو صرف قرآن کی تلاوت کرتے ہیں لیکن اس کے احکام پر عمل نہیں کرتے یا جو روزے کے دوران صرف بھوک اور پیاس کا سامنا کرتے ہیں مگر گناہوں کے ذریعہ روزے کے اثرات کو زائل کر دیتے ہیں، ان کی مذمت کی گئی ہے کیونکہ رمضان اور اس کے روحانی ماحول کا ان پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا: رمضان المبارک میں ایسی خودسازی کرنی چاہیے کہ اس کے اثرات اور فوائد انسان کی روح اور جان میں باقی رہیں اور یہ تاثیر اگلے رمضان تک برقرار رہے۔

حجت الاسلام حسن پور نے مزید کہا: ماہ رمضان تمام مہینوں سے برتر ہے اور انسانی معنویت کو بلندی تک پہنچا دیتا ہے۔ اس مہینے میں مختلف اعمال اور عبادات کی تاکید کی گئی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha