حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا محمد خان لغاری کو مدینہ مسجد جنگلات کالونی لاہور میں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ مولانا محمد خان لغاری کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکے۔ مولانا نے دو بیٹے اور بیوہ سوگوار چھوڑے ہیں۔ 70سالہ مرحوم مولانا محمد خان لغاری مولانا شاہ احمد نورانی کے قریبی ساتھی، مشیر اور جمعیت علمائے پاکستان پنجاب کے جنرل سیکرٹری رہے۔ ساتھ ہی ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی عہدیدار بھی رہے۔
مولانا محمد خان لغاری مرکزی سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل بھی رہے۔ متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ممبر بھی تھے۔ مولانا محمد خان لغاری نے اپنی مذہبی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز انجمن طلبہ اسلام کے پلیٹ فارم سے کیا۔ تحریک ختم نبوت میں متعدد بار گرفتار ہوئے۔
مولانا محمد خان لغاری زندگی بھر جمعیت علماء پاکستان کے ساتھ رہے۔ مولانا محمد خان لغاری کا جسد خاکی ان کے آبائی شہر ڈیرہ غازی خان لے جایا جائیگا۔ انکے بیٹے سعودی عرب اور لندن میں مقیم ہیں۔
آپ کا تبصرہ