حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندے اور مجلس خبرگانِ رہبری کے رکن، آیت اللہ سید مجتبی حسینی نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان امت مسلمہ کے درمیان ثقافتی و سفارتی تعلقات کے فروغ کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ اس مہینے کو ملت اسلامیہ کے درمیان اتحاد اور ہمدلی کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔
آیتالله حسینی نے حوزہ نیوز ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ ماہِ رمضان میں روزہ داری پوری دنیا میں مسلمانوں کے درمیان یکجہتی اور محبت کے احساس کو تقویت دیتی ہے۔ اگر سفارت کاری کو صرف حکومتوں تک محدود سمجھا جائے تو رمضان کا براہِ راست اثر کم محسوس ہوگا، لیکن اگر سفارتی تعلقات کو ملتوں اور عوامی روابط تک وسعت دی جائے، تو رمضان ایک مضبوط ثقافتی و روحانی محور ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا: رمضان المبارک میں مختلف اسلامی ممالک میں منعقد ہونے والی مذہبی و ثقافتی تقریبات اگر میڈیا کے ذریعے وسیع پیمانے پر نشر کی جائیں تو امت مسلمہ میں وحدت کا احساس مزید مضبوط ہوگا، نوروز کی طرح، جسے بعض ممالک مشترکہ تہوار کے طور پر مناتے ہیں، ماہِ رمضان کو بھی اسلامی ممالک کے درمیان ایک ثقافتی سفارتی موقع کے طور پر اپنانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مراجع کرام اور علما اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، کیونکہ شیعہ مکتب فکر میں مرجعیت کا اثر جغرافیائی سرحدوں سے ماورا ہوتا ہے، جو ایک قسم کی مذہبی و ثقافتی سفارت کاری ہے۔
آپ کا تبصرہ