حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے شہید رجائی پورٹ بندرعباس میں ہونے والے دھماکے کے سانحے پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا: ضروری ہے کہ سب خصوصاً متعلقہ حکام، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے زخموں کے مداوا، نقصانات کے ازالے، ملکی معیشت اور عوام کو مزید نقصان سے بچانے میں اپنی پوری توانائیاں صرف کریں۔ ان کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
شہید رجائی پورٹ میں دھماکے اور بڑی تعداد میں ہم وطنوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی خبر افسوس اور شدید رنج و غم کا باعث بنی۔
ضروری ہے کہ سب افراد، خصوصاً ذمہ دار حکام، زخمیوں اور ان کے خاندانوں کی تکالیف اور نقصانات کے ازالے، ملکی اور عوامی معیشت کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں۔
یقیناً ایسے عظیم اور مشکوک واقعات میں وجوہات کی شناخت، ان کا تعاقب اور عوام کو شفاف اطلاعات فراہم کرنا معاشرتی سکون اور مزید نقصانات اور واقعات کے تکرار کو روکنے میں مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
ضروری ہے کہ عوام پوری ہوشیاری اور بیداری کے ساتھ دشمن کی سازشوں اور فتنہ انگیزیوں کا شکار نہ ہوں۔
میں اس سانحہ پر ہرمزگان کے غیور عوام، تمام ایرانی قوم اور بالخصوص متاثرہ خاندانوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور بارگاہ خداوندی سے جاں بحق افراد کے لیے رحمت و مغفرت، زخمیوں کے لیے شفائے کامل اور پسماندگان کے لیے صبر و اجر کی دعا کرتا ہوں۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
قم، ناصر مکارم شیرازی
۲۸ اپریل ۲۰۲۵ء









آپ کا تبصرہ