پیر 28 اپریل 2025 - 14:30
میڈیا نمائندے درست، مستند اور معتبر خبریں نشر کریں / حکام عوامی نقصانات کا ازالہ کریں

حوزہ/ حوزہ علمیہ کے مدیر نے کہا: میں تمام متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ زخمیوں اور ان کے معزز خاندانوں کی امداد اور خدمت میں اپنی بھرپور توانائیاں صرف کریں اور اپنے عزیز ہم وطنوں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے تمام ضروری اقدامات انجام دیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ علی رضا اعرافی، مدیر حوزہ علمیہ نے ایک پیغام میں بندر عباس کے شہید رجائی بندرگاہ کے خصوصی اقتصادی زون میں پیش آنے والے افسوسناک اور دلخراش آتشزدگی اور دھماکے کے واقعے پر، جس میں متعدد محنت کش کارکنان اور عزیز ہم وطن جاں بحق اور زخمی ہوئے، رہبر معظم انقلاب اسلامی اور بندر عباس کے عوام سے تعزیت کی ہے۔ ان کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

انا للہ و انا الیہ راجعون

بندر عباس میں شہید رجائی بندرگاہ کے خصوصی اقتصادی زون میں پیش آنے والے المناک اور افسوسناک آتشزدگی اور دھماکے کا سانحہ، جس میں محنت کش کارکنوں اور ہمارے کئی عزیز ہم وطن جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں، انتہائی رنج و اندوہ کا باعث بنا۔

میں بندر عباس اور صوبہ ہرمزگان کے عزیز عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے، اس المناک سانحہ پر رہبر معظم انقلاب اسلامی، ملت شریف ایران اور بالخصوص متاثر خاندانوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے جاں بحق ہونے والوں کے لیے رحمت و مغفرت اور زخمیوں کی جلد شفایابی کی دعا کرتا ہوں۔

میں ان تمام شریف اور دردمند ایرانی عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بر وقت جذبۂ ہمدردی کے تحت خون عطیہ کرنے اور حادثے کے متاثرین کی مدد میں بھرپور شرکت کی۔

اسی طرح میں تمام متعلقہ اداروں سے درخواست کرتا ہوں کہ زخمیوں اور ان کے معزز خاندانوں کی امداد و خدمت میں اپنی پوری توانائیاں صرف کریں اور نقصانات کے ازالے کے لیے ضروری تدابیر اختیار کریں۔

چونکہ ایسے حادثات میں افواہوں کا بازار گرم ہو جاتا ہے، اس لیے میں میڈیا کے کارکنان سے درخواست کرتا ہوں کہ درست، مستند اور معتبر خبریں نشر کریں اور حکام بھی پوری دقت کے ساتھ اس افسوسناک حادثے کے اسباب کا سراغ لگائیں اور ان کا اعلان کریں تاکہ دشمن کے ذرائع ابلاغ کی جانب سے پھیلائی جانے والی قیاس آرائیوں اور غلط اور جانبدارانہ بیانیوں کا سد باب کیا جا سکے۔

آخر میں، میں ان تمام امدادی کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو آگ بجھانے اور حادثے پر قابو پانے کے لیے انتہائی جانفشانی سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

علی رضا اعرافی

مدیر حوزہ علمیہ

27 اپریل 2025ء

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha