حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں واقع شہید رجائی بندرگاہ پر زوردار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 4 افراد جاں بحق اور 516 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ زخمیوں کو ہرمزگان کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی وقت کے مطابق یہ دھماکہ دوپہر 12:30 بجے بندرگاہ کی ایک عمارت میں ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ بندرگاہ کے ایک تیل کے ڈپو میں پیش آیا۔ واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا۔
ایران کی نیشنل آئل ریفائننگ اور پٹرولیم مصنوعات کی کمپنی نے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ دھماکے کا علاقے میں موجود آئل ریفائنری، ایندھن کے ذخائر یا تیل کی پائپ لائنوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بیان کے مطابق بندر عباس کے تمام صنعتی تنصیبات معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں اور کسی قسم کا خلل واقع نہیں ہوا۔
ایمرجنسی ادارے کے ترجمان بابک یکتاپرست نے بتایا کہ زخمیوں کی بروقت منتقلی کے لئے 19 ایمبولینس بسیں جائے وقوعہ روانہ کی گئیں۔ شیراز، جہروم اور لار کے ایمرجنسی اور ایئر ایمبولینس یونٹس کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل اور مقامی حکام کے مطابق، واقعے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں اور عوام کو جلد حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔ فی الحال بندرگاہ کی تمام سرگرمیاں حفاظتی اقدامات کے تحت معطل کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ دھماکے کے بعد شہید محمدی اسپتال سمیت ہرمزگان کے مختلف اسپتالوں میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔









آپ کا تبصرہ