حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یکم مئی "یوم مزدور 1886 ء" کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: یہ دن شکاگو کے ان سینکڑوں بے کسوں کی یاد میں منایا جاتاہے جنہوں نے اپنے حق کیلئے آواز بلند کی تھی جبکہ غزہ کے مزدور کو احتجاج تو کجا اپنے ہی وطن میں وطن و بے یارومدد گار کرکے ظلم کی بھینٹ چڑھادیاگیا۔وہاں سینکڑوں نے جان دی یہاں ہزاروں شہید جبکہ لاکھوں بے گھر و بے سروسامانی میں ظلم کی بھیانک تصویر بن گئے افسوس عالمی انسانی و بنیادی حقوق کے واویلا کرنیوالے بھی اس یکطرفہ ظلم کو نہ روک پائے،صد ہزار افسوس کہ ہم بھی کچھ نہ کرپائے۔یکم مئی کی طرح غزہ کے مزدوروں کے نام بھی ایک دن منسوب کیا جائے۔
انہوں نے عام پاکستانی مزدور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: یوم مزدور ایسے وقت میں آیا جب کسان اپنی فصل کی قیمت کے مناسب تعین نہ ہونے پر پریشان، تو مزدور آئے روز بڑھتی مہنگائی ، روپے کی بے قدری اور روزگار کے مسدود ذرائع پر نوحہ کنا ں ہیں۔جس پر شاعر مشرق کے یہ اشعار تر جمانی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں:
تو قادر و عادل ہے مگر تیرے جہاں میں ہیں تلخ بہت بندہ مزدور کے اوقات
مکر کی چالوں سے بازی لے گیا سرمایہ دار انتہائے سادگی سے کھاگیا مزدور مات
مزدورو ں کے شب و روز کی مشکلات اور موثر طبقات کی پرتعش زندگانی پر فرمایا:
خلق خدا کی گھات میں رند و فقیہ و میر و پیر تیرے جہاں میں ہے وہی گردش صبح و شام ابھی
تیرے امیر مال مست، تیرے فقیر حال مست بندہ ہے کوچہ گرد ابھی، خواجہ بلند بام ابھی
علامہ ساجد نقوی نے کہا: قرآن پاک بھی سورة الحشر آیت نمبر7 میں اسی جانب رہنمائی فرماتاہے کہ "دولت صرف امراء میں ہی گردش نہ کرتی رہے " اور منصفانہ تقسیم کی طرف متوجہ کرتاہے، سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسی پر قائم رہی، حضرت علی نے اپنے دور خلافت کے آغاز میں پہلا اصلاحی اقدام یہ اٹھایا کہ قومی خزانے میں سب کے لئے مساوی مواقع دینے کا اعلان کیا مگر افسوس سات دہائیاں گزرنے کے باوجود آج مزدوروں و محنت کشوں اور کسانوں کو ان کا جائز حق ملنا بہت مشکل ہوچکا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے پاکستانی مزدوروں اور محنت کشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: یہی مزدور، کسان اور جفا کش قومی تعمیرو تروقی میں اپنا قیمتی حصہ ڈالتے ہیں۔وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہماری اس اہم افرادی قوت کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں لہٰذا حکومت مزدور وں کی عزت اور وقار کو تحفظ دے ۔









آپ کا تبصرہ