۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
علامہ راجہ ناصر

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وطن عزیز سے غربت کے خاتمے کے لیے حکومت ان ترجیحات کو یقینی بنائے جن کا عوام سے وعدہ کیا گیا تھا۔ مزدور کے شب و روز اذیت ناک ہوتے جا رہے ہیں ،تسلسل کے ساتھ بڑھتی ہوئی مہنگائی اس امر کا تقاضا کرتی ہے کہ مزدور کی تنخواہ کم از کم پچاس ہزار روپے مقرر کی جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وطن عزیز سے غربت کے خاتمے کے لیے حکومت ان ترجیحات کو یقینی بنائے جن کا عوام سے وعدہ کیا گیا تھا۔یکم مئی کے موقع پر تقاریب کا انعقاد یا محض حکومتی اعلانات سے اس پسے ہوئے طبقے کے دکھوں کا مداوا نہیں کیا جا سکتا۔ محض وعدوں یا دعووں سے تبدیلی نہیں آتی، اس کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

ریاست میں بسنے والے ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔عام اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں عدم استحکام نہ صرف عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث ہے بلکہ حکومتی دعووں سے بھی مطابقت نہیں رکھتا۔پچھلے دو سال میں مہنگائی کی شرح میں جس تیزی سے اضافہ ہوا ہے اس نے متوسط طبقے کو بھی غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا مزدور کے شب و روز اذیت ناک ہوتے جا رہے ہیں ،تسلسل کے ساتھ بڑھتی ہوئی مہنگائی اس امر کا تقاضا کرتی ہے کہ مزدور کی تنخواہ کم از کم پچاس ہزار روپے مقرر کی جائے تاکہ ان کی آمدن و اخراجات میں توازن پیدا ہو سکے۔

انہوں نے کہا ہم محنت کشوں کی عظمت پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا۔

انہوں نے مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عام آدمی کا طرز زندگی بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں جن کے ثمرات نمایاں ہوں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .