۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ شیخ محمد حسن جعفری

حوزہ/ حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ محمد حسن جعفری نے خطبہ جمعہ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد نے پہلی بار ایران کے بارے میں کوئی مثبت بیان دیا ہے جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ اس طرح کی سوچ کو مزید پروان چڑھایا جائے تو امریکہ اور اسرائیل کے عزائم خاک میں مل سکتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امام جمعہ جامع مسجد سکردو حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسن جعفری نے مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں جمعے کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا جمعہ، جمعۃ الوداع ہے جسے موسمی صورتحال کے پیش نظر عید گاہ میں ادا کیا جائے گا۔ جمعۃ الوداع کو یوم القدس ہے اس حوالے سے انجمن امامیہ کے زیر انتظام غاصب صہیونی حکومت کے خلاف ریلی نکالی جائے گی۔یوم القدس کی ریلی انتہائی اہمیت کی حامل ہے اس میں فرض سمجھتے ہوئے ضرور شرکت کریں۔

سعودی عرب کے ولی عہد نے پہلی بار ایران کے بارے میں کوئی مثبت بیان دیا ہے جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ اس طرح کی سوچ کو مزید پروان چڑھایا جائے تو امریکہ اور اسرائیل کے عزائم خاک میں مل سکتے ہیں۔

مزید اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارے ہمسایہ ملک سمیت پاکستان میں کرونا کے سبب تباہی مچی ہوئی ہے۔البتہ بلتستان کی حالت بہتر ہے مگر ویکسین لگانا ضروری ہے۔ ویکسین کے خلاف ہونے والی باتوں پر کان مت دھریں اور چالیس سال سے اوپر والے حضرات ضرور ویکسین لگوائیں۔ کرونا کو کمزور مت سمجھیں ، مکمل احتیاط کریں، اسی ہفتے میں سکردو سے انجمن امامیہ کے سابق جنرل سیکرٹری سمیت دو افراد کرونا سے چل بسے ہیں۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مکمل احتیاط کے ساتھ صدقات اور خیرات دیا کریں ان شاء اللہ بلائیں دور ہوں گی، امراض کا ظاہری اور معنوی علاج دونوں ضروری ہے۔

امام جمعہ سکردو نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیر اعظم،گلگت کے دورے پر آئیں گے، جس میں بہت سارے اعلانات متوقع ہیں۔ البتہ ایک تجزیہ کے مطابق بلتستان ریجن کو مکمل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ شتونگ نالہ ہمارے لیے حیاتیاتی مسئلہ ہے مگر وزیر اعظم کے متوقع اعلانات میں اس کا ذکر تک نہ ہونا نا انصافی ہے۔ سکردو میں اس وقت پانی کی شدید قلت ہے۔یہ بلتستان کے باسیوں کی آواز ہے اس سال کے ایس ڈی پی اور اے ڈی پی میں شتونگ نالے کو شامل کر کے اس مسئلے کو حل کریں ورنہ سب سے پہلے علماء احتجاج کریں گے۔

انہوں نے ایک تجزیہ نگار کے تجزیے کو نقل کرتے ہوئے کہا کہ کہ وزیروں کا لشکر بلتستان سے ہے مگر وہاں بلتستان کے حقوق کی بات کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ بلتستان وزیروں کے حوالے سے مالا مال ہے مگر منصوبے کے حوالے سے صرف خالی تھال ہے۔

دوسرے خطبے کے اہم نکات:
١۔حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: صبح کے وقت بستر سے اٹھنے والوں میں تین قسم کے لوگ ہوتے ہیں:
١۔ثواب حاصل کرنے والے:
یہ لوگ رات کو اچھے اعمال بجالاتے ہیں، تہجد اور قرآن کی تلاوت کرتے ہیں پھر اول ِ وقت پہ نماز فجر بھی ادا کرتے ہیں۔
٢۔نہ گناہ نہ ثواب والے
یہ وہ لوگ ہیں جو نہ فائدے میں ہیں اور نہ نقصان میں۔
٣۔ گناہ گار
یہ وہ لوگ ہیں جن کے اعمال درست نہج پر نہیں ہیں، یہ لوگ اس ماہ مبارک میں بھی نیکی کے امور کے بجائے گناہوں کے پیچھے پھر رہے ہیں۔ ہم حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر میں جتنے بھی کلب ہیں سب کو مکمل بند کریں ،ماہ مبارک رمضان میں بھی کچھ لوگ تہجد اور تلاوت قرآن پاک پر توجہ دینے کے بجائے رات بھر کلبوں میں ہوتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .