حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین زاہد دوست نے مدرسہ علمیہ فاطمیہ خورموج میں اساتذہ کی تقدیر و تحسین کے لیے منعقدہ ایک تقریب میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت، روز دختر اور ہفتۂ احترام مقام معلم کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: ہدایت کی نعمت، خدا کی سب سے بڑی نعمت ہے جو انبیا و اوصیا علیہم السلام کے بابرکت وجود کے ذریعے انسانوں کو عطا ہوئی ہے۔
امام جمعہ خورموج نے معلمی کو انبیا کا ورثہ قرار دیا اور کہا: انبیا کا ورثہ ہدایت، تعلیم، ارشاد، تربیت اور استقامت ہے اور روایات کے مطابق علما اور اساتذہ انبیا کے حقیقی وارث ہیں۔
انہوں نے معلم اور استاد کے مقام، نیز علم حاصل کرنے اور سکھانے کی راہ میں کوشش کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: اگرچہ شہید کا خون جو راہ خدا میں بہایا جائے بہت قدر و قیمت رکھتا ہے مگر روایات میں علم اور عالم کی رہنمائی کی اہمیت کو نمایاں کرنے کے لیے علماء کے قلم کو شہید کے خون پر ترجیح دی گئی ہے کیونکہ علما اور اساتذہ اپنی رہنمائی کے ذریعے انسانیت کی سب سے بڑی خدمت انجام دیتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام کے اختتام پر مدرسہ علمیہ فاطمیہ خورموج کے اساتذہ کی لوح اور تحائف کے ساتھ قدردانی بھی کی گئی۔











آپ کا تبصرہ