اتوار 25 مئی 2025 - 15:21
غزہ کی ایک بے قرار ماں کی فریاد: ڈرتی ہوں کہ کتے میرے بچوں کی لاشیں نہ کھا جائیں

حوزہ/ آج ایک ویڈیو میں فلسطینی ماں نعمہ شہوان کا درد اور کرب جھلکتا ہے، جو اس ماں کا عکس ہے جس سے جنگ نے نہ صرف اس کے بچوں کی جان چھین لی بلکہ انہیں دفنانے کا حق بھی چھین لیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آج شائع ایک ویڈیو میں فلسطینی ماں نعمہ شہوان کا درد اور کرب جھلکتا ہے، جو اس ماں کا عکس ہے جس سے جنگ نے نہ صرف اس کے بچوں کی جان چھین لی بلکہ انہیں دفنانے کا حق بھی چھین لیا۔

نعمہ شہوان بار بار اپنے اُن دو بچوں کی ویڈیو دیکھتی ہے جو یورپی اسپتال کے قریب خون میں لت پت پڑے ہوئے ہیں، اور ہر بار بے قراری سے کہتی ہے: "مجھے ڈر ہے کہ کتے میرے بچوں کی لاشیں نہ کھا جائیں"۔ وہ مایوسی اور کرب سے چیختی ہے اور دنیا سے اپیل کرتی ہے کہ کوئی آگے بڑھ کر اس کے بچوں کی لاشوں کو وہاں سے نکالے۔

یہ فلسطینی ماں بتاتی ہے کہ اس کے دونوں بچے اس لیے گھر سے نکلے تھے کہ خاندان کے لیے کچھ روٹی تلاش کریں، کیونکہ خان یونس کے مشرقی علاقے میں محاصرے کے باعث سب فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ مگر ان پر اسرائیلی افواج نے حملہ کر دیا اور وہ شہید ہو گئے۔

یہ داستان، غزہ کے عوام کی ہزاروں انسانی المیوں میں سے ایک ہے جو وہاں کی سنگین صورت حال اور جنگ کے انسانوں پر اثرات کو نمایاں کرتی ہے۔

چند ماہ قبل الجزیرہ ٹی وی نے ایک لرزہ خیز منظر دکھایا تھا جس پر یقین کرنا عام لوگوں کے لیے مشکل تھا۔ یہ منظر غزہ کی شمالی پٹی میں فلسطینی شہداء کی لاشوں کو آوارہ کتوں کے کھانے کا تھا۔

اسرائیلی فوج نے 50 دنوں سے زائد عرصے تک شمالی غزہ میں شہداء کی لاشیں ایمبولینسوں کے ذریعے منتقل ہونے سے روکے رکھیں، یہاں تک کہ لاشیں آوارہ کتوں کی خوراک بن گئیں۔

13 مئی 2025 کو، یورپی اسپتال کو ایک بار پھر اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں بھاری بموں اور درست نشانے والے میزائلوں کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔

حملے کے بعد اسرائیلی ڈرونز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور زخمیوں کی مدد تک کو روکا، اور اب تک یہ اسپتال اور اس کے آس پاس کا علاقہ سخت محاصرے میں ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے بھی رپورٹ درج ہے کہ اسرائیلی بمباری سے نہ صرف سیوریج سسٹم اور اندرونی شعبے تباہ ہوئے بلکہ اسپتال کو جانے والی سڑکیں بھی ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔

یہ وہ اسپتال تھا جو غزہ میں واحد کینسر کے مریضوں کو علاج فراہم کرتا تھا، اور اب یہ مکمل طور پر خدمات سے باہر ہو چکا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha