حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجمع علماء و خطباء، حیدرآباد دکن کے اراکین اور سرپرست مولانا علی حیدر فرشتہ نے معروف ماہرِ تعلیم و محقق پروفیسر سید عین الحسن کو صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے پدم شری ایوارڈ سے سرفراز کیے جانے پر دلی مسرت اور پرخلوص مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ یہ باوقار قومی اعزاز تعلیم، زبان اور ادب کے شعبے میں پروفیسر موصوف کی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے۔ ان کی علمی بصیرت، تدریسی خدمات اور فکری رہنمائی آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہے، اور ان کی شخصیت ہندوستان کے علمی و ادبی حلقوں میں ایک معتبر مقام رکھتی ہے۔
مجمع نے مزید کہا کہ پروفیسر عین الحسن کی خدمات نے اردو زبان و ادب کو نئی جہتیں عطا کی ہیں، اور وہ آج کے دور میں علمی رہبری کا روشن چراغ ہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ ان کی خدمات کا یہ سفر مزید ثمرآور ہو اور ملک و ملت کے لیے باعثِ برکت بنے۔
واضح رہے کہ پروفیسر سید عین الحسن اردو زبان و ادب کے ممتاز اسکالر، ماہرِ لسانیات اور سابق وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (MANUU) ہیں۔ آپ نے اردو کے فروغ، بین المذاہب ہم آہنگی، قومی یکجہتی، اور تعلیم کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی تصانیف، علمی خدمات اور تدریسی تجربہ انہیں عصرِ حاضر کے ممتاز ماہرین تعلیم میں شمار کرتا ہے۔









آپ کا تبصرہ