حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، املو،مبارکپور(اعظم گڑھ)/ صدرجمہوریہ ہند محترمہ دْروپدی مرمو نے منگل کی شام (27 مئی 2025) راشٹرپتی بھون میں منعقدہ سول انویسٹیچرتقریب-II میں سال 2025 کے لیے پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ایوارڈ پیش کیے۔ ایوارڈ یافتہ گان میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے وائس چانسلر، پروفیسرسیدعین الحسن کو ان کی شاندارعلمی وادبی خدمات کے اعتراف میں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
پروفیسرعین الحسن نے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی ہے۔ ان کی قیادت میں مانو نے تعلیمی اور ادبی میدان میں نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔
پروفیسر عین الحسن، فارسی و مطالعاتِ وسطی ایشیائی علوم کے پروفیسر کی حیثیت سے جواہرلال نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی میں خدمات انجام دی۔ ممتاز فارسی اسکالر پروفیسر سید عین الحسن، کو صدر جمہوریہ ہند نے اردو یونیورسٹی کے وزیٹر کی حیثیت سے پانچ سال کی مدت کے لئے یونیورسٹی کا پانچواں وائس چانسلر مقرر کیا۔ اس سے قبل وہ ڈین، اسکول آف لینگویج، لٹریچر اینڈ کلچر اسٹڈیز، جے این یو کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ آل انڈیا پرشین اسکالرس ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔ ان کا تدریسی تجربہ زائد از 34 سال ہے اور انہوں نے 87 اسکالرس کی رہنمائی کی ہے۔وہ فل برائٹ فیلوشپ کے تحت رٹجر اسٹیٹ یونیورسٹی، نیو جرسی، امریکہ میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے 13 کتابیں تحریر کی ہیں۔ وہ ہند -ایران، ہند- عرب تعلقات اور تقابلی ادب و ثقافت کے شعبے کے ماہر ہیں۔
پروفیسر سید عین الحسن عابدی کو پدم شری ایوارڈ سے نوازے جانے پر ہم مجمع علماءوواعظین پوروانچل کی جانب سےبے پناہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں دل کی گہرائیوں سے تہنیت و مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
معروف ناظم مقاصدہ و مشاعرہ جناب نصیر اعظمی نے بتایا کہ پروفیسر عین الحسن عابدی اصلاً فیض آباد کے نہایت نامور علمی و ادبی و مذہبی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ان کے والد مرحوم مولانا پروفیسر سید بدرالحسن عابدی طا ب ثراہ اپنے وقت کے بلند پایہ عربی ادیب،خطیب اور شاعر تھے ،وہ بنارس ہندو یونیورسٹی میں لکچرر،۱۹۷۳ءمیں ریڈر پھر پروفیسر ہوئے تھے۔ پروفیسر عین الحسن عابدی صاحب مرحوم ضیاء الواعظین مولانا سید وصی محمد صاحب قبلہ اعلی اللہ مقامہ سابق پرنسپل مدرسۃ الواعظین لکھنؤ کے بھتیجہ ہیں۔واضح رہے کہ پروفیسر عین الحسن عابدی سرکا رآیت اللہ سید شمیم الحسن رضوی مد ظلہ العالی سربراہ جامعہ جوادیہ بنارس کے سگے ماموں زاد بھائی ہیں۔آپ کا خاندان علم و ادب ، اسلامی آداب و اخلاق،تواضع و انکساری میں اپنی مثال آپ ہے۔
پروفیسر عین الحسن عابدی نے علمی و ادبی دنیا میں اپنے حسن خدمات اوراعلیٰ ترین کارناموں سے اپنے خانوادہ،قوم و مذہب، اور ملک و ملت کا
نام روشن کیا ہےجس کے لئے ہم موصوف کی صحت و سلامتی اور طول عمر کی دعاء کرتے ہیں۔
خیر اندیش
حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا ابن حسن املوی واعظ
بانی و سرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو
املو،مبارکپور،ضلع اعظم گڑھ (اترپردیش) انڈیا









آپ کا تبصرہ