حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی مذمت میں جاری حضرت آیت اللہ حسین مظاہری کا پیغام درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
«وَ ما نَقَموا مِنهُم إِلّا أَن یُؤمِنوا بِاللَّهِ العَزیزِ الحَمیدِ»
صہیونی مجرم حکومت کی جانب سے تہران اور ایران کے بعض دیگر شہروں پر وحشیانہ اور ہولناک حملے، جس کے نتیجے میں درجنوں نہتے اور مظلوم ہم وطنوں کے ساتھ ساتھ دفاع مقدس کے یادگار اور ممتاز و اعلیٰ رتبہ فوجی کمانڈروں اور ملک کے چند قیمتی دانشوروں کی شہادت واقع ہوئی، اس سفاک و خبیث رژیم کی درندگی، وحشی گری اور جرائم کا ایک اور پردہ دنیا کے سامنے چاک کر گیا۔
یہ سنگین اور کھلا تجاوز بلاشبہ خداوند متعال کے انتقامی ہاتھ کا شایانِ شان جواب پائے گا۔ (إِنَّ اللَّهَ عَزِیزٌ ذُو انْتِقَامٍ)
بلاشبہ ایران اسلامی کے مومن اور باشعور عوام ان حساس حالات میں خداوند متعال پر بھروسہ، اولیائے معصومین علیہم السلام سے توسل، صبر و بصیرت اور اپنے اتحاد و انسجام کو محفوظ رکھتے ہوئے دشمنانِ ملت اور بدخواہوں کو ہمیشہ کی طرح مایوس کریں گے۔
ہم ان دہشت گردانہ حملوں کے شہداء کے پسماندگان اور سوگوار خانوادوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور خداوند متعال سے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی فوری شفایابی، دشمنوں کے شر کے دفع ہونے اور ملتِ عظیم ایران کی سربلندی کے لئے دعا گو ہیں۔
ولا حول ولا قوة الا باللہ العلی العظیم
حسین مظاہری
23 خرداد 1404 / 13 جون 2025ء









آپ کا تبصرہ