حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور زاہد علی آخونزادہ نے مدرسہ زینبیہ(س) راولپنڈی کے دورہ کے دوران نجف سے آئے علماء کرام سے ملاقات اور طلاب سے خصوصی نشست میں اخلاقی و فکری موضوعات پر خطاب کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اخلاق اسلامی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلاب کو نظم، دیانت، اخلاص اور تقویٰ جیسے اوصاف اپنانے کی تلقین کی۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: آج کے طالب علم کل کے مبلغ، رہنما اور محقق ہیں، اس لیے ان کی علمی بنیاد کے استحکام کے ساتھ ساتھ فکری و اعتقادی پختگی بھی ناگزیر ہے۔ عقائد کی مضبوطی، فکر کی بالیدگی اور عمل کی پاکیزگی ہی ایک کامیاب طالب علم کی پہچان ہے۔
اس موقع پر مدرسہ زینبیہ(س) کے پرنسپل مولانا سجاد ہمدانی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں تعلیمی معیار، نصابی فعالیت اور تربیتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نجف سے آئے علمائے کرام کے ساتھ بھی ایک فکری نشست منعقد ہوئی جس میں عالم اسلام کے حالات، حوزات علمیہ کے کردار، اور دینی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے مفید گفتگو ہوئی۔
مدرسہ زینبیہ(س) کے اس دورے کو علم، تربیت اور فکری تبادلے کے لحاظ سے ایک اہم قدم قرار دیا گیا، جس سے طلاب کی حوصلہ افزائی ہوئی اور تعلیمی ماحول میں تازہ روح پھونکی گئی۔










آپ کا تبصرہ