حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شنگو گلتری ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سرپرست اعلیٰ نے جناب غلام مرتضٰی بھمانی کی طرف سے "فیالنگ واٹر ڈرائیورجن" منصوبے کے لیے بھیجی گئی 28 لاکھ 62 ہزار روپے کی خطیر رقم کو منصوبے کے سرپرست اعلیٰ حجت الاسلام والمسلمین سید باقر الحسینی کی خدمت میں تقدیم کیا ہے۔
جس پر آقا سید باقر الحسینی نے خصوصی طور پر جناب غلام مرتضیٰ بھمانی، نائب سرپرست اعلیٰ حجت الاسلام شیخ اکمل حسین طاہری(مقیم افریقہ تنزانیہ)، سرپرست اعلیٰ حجت الاسلام شیخ ذاکر مدبر، فاؤنڈیشن کی کابینہ اور پوری گلتری کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ یہ رقم فاؤنڈیشن کے نائب سرپرست اعلیٰ حجت الاسلام شیخ اکمل حسین طاہری (مقیم تنزانیہ) نے اپنے دوست غلام مرتضیٰ بھمانی کی جانب سے شنگو گلتری ویلفیئر فاؤنڈیشن کے دفتر تک پہنچائی۔ فاؤنڈیشن کے نائب صدر اور دیگر اراکین نے یہ رقم سرپرست اعلیٰ کے ذریعے فیالنگ واٹر ڈرائیورجن منصوبے کے سرپرست اعلیٰ کی خدمت میں پیش کی۔
اس موقع پر فاؤنڈیشن کے نائب صدر جناب شکیل حیدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ "گلتری کمیونٹی بلتستان کے تمام قائدین، چاہے حجت الاسلام شیخ حسن جعفری صاحب ہوں، آقا سید باقر الحسینی ہوں یا آقا سید علی رضوی، ان قائدین کی طرف سے جو بھی تحریک ملت بلتستان کے مفاد اور تحفظ کے لیے اٹھی ہے، ان میں گلتری کے عوام شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔"
وفد میں فیالنگ واٹر ڈرائیورجن منصوبے کے ذمہ داران پروفیسر حسن حسرت، شیخ ذوالفقار انصاری، رضا صاحب اور دیگر معزز افراد بھی موجود تھے۔
یہ منصوبہ سکردو شہر میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے رکھا گیا ہے جو بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے سے شہر سکردو میں پینے کے پانی اور آبپاشی کی ضروریات پوری ہوں گی۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ مکمل طور پر عوامی تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچنے والا ہے۔









آپ کا تبصرہ