تحریر: اشرف سراج
حوزہ نیوز ایجنسی| شنگو گلتری ویلفیئر فاؤنڈیشن نے انتہائی قلیل عرصے میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ فاؤنڈیشن کے جامع منصوبوں اور نمایاں کاموں پر نظر ڈالیں تو واضح ہوتا ہے کہ اس کے سرپرستِ اعلیٰ، نائب سرپرستِ اعلیٰ اور پوری ٹیم میں خدمتِ خلق کا گہرا جذبہ اور خلوصِ نیت کار فرما ہے۔
میرے خیال میں یہ سب کامیابیاں باہمی اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کا ثمر ہیں، کیونکہ انفرادی کوششیں خواہ کتنی ہی مخلصانہ کیوں نہ ہوں، اجتماعی عمل کی جامعیت اور تاثیر حاصل نہیں کر سکتیں۔ جب کوئی جماعت بلند مقاصد کے حصول کی طرف متحد ہو کر پیش قدمی کرتی ہے تو خدا کی نصرت اس کے شاملِ حال ہوتی ہے۔بشرطیکہ اس میں خلوصِ نیت، باہمی اتحاد، واضح ہدف اور تمام اراکین کی یکسوئی موجود ہو۔ یقیناً یہ فاونڈیشن انہی معیارات پر پورا اترتا ہے۔ خدا اسے نظرِ بد سے محفوظ رکھے۔
امتیازی خصوصیات:
1. نوجوانوں کو مواقع:
اس فاونڈیشن کی ایک نمایاں خصوصیت نوجوان اور تعلیم یافتہ طبقے کو خدمت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ یقیناً جس معاشرے میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو اہمیت ملتی ہے، وہ نوجوان قوم کے مستقبل کو محفوظ بنا دیتے ہیں۔
2.انتخابی نظام:
اس فاؤنڈیشن میں تقرری کے بجائے انتخابی نظام رائج ہے، جبکہ عام طور پر اداروں میں پہلے سے موجود گروہ اپنے ہم خیال افراد کو شامل کر کے اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ادارے یا ٹرسٹ کے مقاصد عملی طور پر محدود ہو جاتے ہیں۔
3.جامع شراکت:
فاؤنڈیشن کی تشکیل سے قبل علاقے کے تمام افراد کو شامل ہونے کی دعوت دی گئی، جو ایک غیر معمولی اقدام ہے۔
کیونکہ زیادہ اراکین پر مشتمل کمیونٹی ٹرسٹیں دیرپا ہوتی ہیں، جیسا کہ پاکستان میں موجود مختلف برادریوں کے ٹرسٹ، مثلاً شیخ برادری، خواجہ برادری، اسماعیلی برادری، جماعت احمدیہ اور بوہرہ کمیونٹی نے نہ صرف اپنی برادری میں غربت کا خاتمہ کیا ہے، بلکہ انسانیت کے ناطے دیگر کمیونٹیز کے افراد کی بھی مدد کرتے ہیں۔
منفرد تشکیلی حکمتِ عملی:
یہ فاؤنڈیشن کوئی اتفاقی یا حادثاتی تخلیق نہیں، بلکہ حالات،تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں، واضح اہداف اور پختہ منصوبہ بندی کے تحت معرضِ وجود میں لایا گیا ہے۔ اس کی بنیادوں میں ہی اس کی کامیابی کے راز پنہاں ہیں۔









آپ کا تبصرہ