حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پھندیڑی سادات/ پھندیڑی سادات میں یومِ عاشورہ انتہائی عقیدت، احترام اور رنج و غم کے ماحول میں منایا گیا۔ نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں پورا دن مجلس، ماتم اور جلوسِ عزاء کا سلسلہ جاری رہا۔ مقامی مومنین نے گہرے رنج و الم کے ساتھ کربلا کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر پھندیڑی سادات کے تمام عزاداروں نے تازیہ امام حسین علیہ السلام اٹھایا، جسے پورے احترام کے ساتھ جلوس کی شکل میں "کربلا" لے جایا گیا۔ جلوس میں مرد، خواتین، نوجوان اور بچے شامل تھے، جو "یا حسینؑ"، "لبیک یا حسینؑ" اور "حسینؑ زندہ باد" کے نعروں کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کر رہے تھے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ جلوسِ عاشورہ میں مختلف مذاہب اور برادریوں کے افراد نے بھی بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔ شیعہ، سنی، دیگر مسلمان مکاتبِ فکر کے ساتھ ساتھ ہندو برادری کے افراد نے بھی امام حسینؑ کی قربانی کو انسانیت کی نجات کا راستہ سمجھتے ہوئے عزاداری میں شرکت کی، اور اخوت و یکجہتی کی شاندار مثال قائم کی۔
پھندیڑی سادات کے بزرگوں کا کہنا تھا کہ امام حسینؑ صرف مسلمانوں ہی نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے امام ہیں، اور اُن کی قربانی ہمیں ظلم کے خلاف کھڑا ہونے، حق و سچائی کے ساتھ جینے اور انسانی اقدار کی پاسداری کا درس دیتی ہے۔
پولیس اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے امن و امان کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے تھے۔ جلوس پرامن ماحول میں بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔
05:33 - 2025/07/07









آپ کا تبصرہ