۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
کرگل جلوس ابو الفضل عباس

حوزہ/ لداخ کے کرگل ضلع میں یوم تاسوی اور عاشورا حسینی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،کرگل ضلع صدر مقام پر نویں اور دسویں محرم کو عاشورا کی سب سے بڑا جلوس انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام برآمد ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لداخ کے کرگل ضلع میں یوم تاسوی اور عاشورا حسینی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،کرگل ضلع صدر مقام پر نویں اور دسویں محرم کو عاشورا کی سب سے بڑا جلوس انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام برآمد ہوا، جس میں شہر خاص کے مختلف محلہ جات اور ضلع کرگل کے مختلف علاقوں سے 20 سے زائد ماتمی جلوس علماء کے زیر قیادت احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں داخل ہوئے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا ایس او پی کے چلتے ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے گزارش پر ماتمی جلوسوں کی تعداد محدود تھی۔

تصویری جھلکیاں: کرگل میں انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کے زیر اہتمام جلوس ابو الفضل العباس (ع)

نویں محرم الحرام کو جلوس علمدار ابوالفضل العباس علیہ السلام کے سلسلے میں ضلع صدر مقام کے گونگما کرگل لنکور، چانگچک تھسکن گرونگ، یوقچھوقس، بلتی بازار، پوئن اور برو کے علاوہ ضلع کے مختلف علاقوں سے جن میں منجی، ٹرسپون، پشکم، علاقہ دراس، شلکچے، اقچمل اور علاقہ صوت سے ماتمی جلوس صبح گیارہ بجے سے ضلع صدر مقام کے اندر داخل ہونا شروع ہوا اور بارہ بجے کے قریب یہ ماتمی جلوس احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں داخل ہونے لگا، اس دوران جلوس عزا میں  عزادار نوحہ خوانی، سینہ زنی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے قمر بنی ہاشم ابو الفضل العباس علیہ السلام کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گریہ و زاری کر رہے تھے، جلوسوں کا سلسلہ دوپہر چار بجے تک جاری رہا، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی صدر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل نے مصائب مولا عباس علیہ السلام کا ذکر کرتے ہوئے قمر بنی ہاشم کی کربلا میں دین مبین اسلام کے لئے دی گئی قربانی کو شبیہ عالم اور مشک سکینہ کے ذریعے عزاداروں کو وہ منظر یاد دلایا جب نہر فراد پر پیاسی سکینہ اور اہل حرم کے لئے پانی لے جاتے وقت یزیدی لشکر نے ابو الفضل العباس علیہ السلام کے مبارک بازوں کو جسم اطہر سے قلم کر کے پیاس کی شدت سے تڑپ رہی پیاسی سکینہ اور اہل حرم تک پانی نہیں پہنچنے دیا۔ ان مصائب کو بیان کرتے ہی احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ با آواز بلند گریہ و زاری کی صداؤں سے گونج اٹھا اور دعائے خیر کے ساتھ نویں محرم کا جلوس اپنے اختتام کو پہنچا۔

روز عاشورہ کو بھی جلوس ضلع صدر مقام کے گردونواح کے مختلف محلہ جات جن میں بلتی بازار، یوقچھوقس، گونگمہ کرگل، لنکور، چانگچک تھسکن گرونگ، پوین، برو اور ضلع کے مختلف علاقوں جن میں پشکم، یوقمہ مجنی، گونگما منجی، شلکچے، ہرداس، چھانی گنڈ، کرکت چھو، اقچمل، تومیل، یوربلتک چھوتومیل وغیرہ شامل ہے برآمد کی گئی، ضلع انتظامیہ کے طرف سے جاری کی گئی کورونا SOP کے تحت ماتمی جلوسوں کی تعداد میں کمی کی گئی تھی۔

تصویری جھلکیاں:  کرگل میں انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کے زیر اہتمام جلوس عاشورا

جلوس عاشورہ اپنی مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے صبح بارہ بجے سے احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں داخل ہونا شروع ہوا اور مقامی بازار سے ہوتے ہوئے احاطہ انقلاب منزل پہنچے، ماتمی  دستہ حسینی بلتی بازار سب سے پہلے احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں داخل ہوئے اور اسکے بعد جلوسوں کا احاطہ اثنا عشریہ کرگل اور احاطہ انقلاب منزل میں داخل ہونے کا سلسلہ دوپہر ساڑھے چار بجے تک جاری رہا دوران جلوس عاشورہ شبیہ ذوالجناح, شبیہ تابوت بھی برآمد ہوئی، نویں اور دسویں محرم کو جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے شعبہ صحت الرضا ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے طرف ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے احاطہ انقلاب منزل المعروف قتل گاہ حسینی میں جلوس کے اختتام پر زیارت عاشورہ پڑھی اور مختصر ذکر مصائب کے ساتھ عاشورہ حسینی اپنے اختتام کو پہنچا، جنرل سیکریٹری انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم خلیلی نے عاشورہ حسینی کے جلوس کو کامیاب بنانے اور تعاون کی فراہمی پر ضلع انتظامیہ، محکمہ صحت, محکمہ پانی, محکمہ بجلی, محکمہ میونسپل کمیٹی اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور دیگر والنٹیئرز تنظیموں کا اور بالخصوص جوانان اثنا عشریہ، الرضا ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن اور اثنا عشریہ نیٹورک جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے جوانوں اور والنٹیئرز کا عاشورہ حسینی کے جلوس کے انعقاد پر تعاون کیلئے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .