حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان میں رہبر معظم حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی حسینی خامنہ ای کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین آقائ مہدی مہدوی پور نے جوار علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام مشہد مقدس میں دفتر مبلغین حوزہ علمیہ اثنا عشریہ شعبہ مشھد کے علماء سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دفتر مبلغین حوزہ علمیہ اثنا عشریہ شعبہ مشہد مقدس کے نو منتخب صدر حجۃ الاسلام شیخ حسن مقدس اور اراکین کے علاوہ کرگل کے بعض طلاب بزرگ علماء کرام نے مہمان عزیز کا والہانہ استقبال کیا۔
اس موقع پر نمائندہ ولی فقیہ حجۃ الاسلام و المسلمین آقائ مہدی مہدوی پور نے علماء کرام اور طلاب سے خصوصی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں آقای مہدی مہدوی پور نے ماہ رمضان المبارک کی آمد اور ماہ مبارک رمضان کی فضیلت پر روشنی ڈالی اور علماء و مبلغین سے ایام ماہ رمضان المبارک میں اس پر برکت مہینے کے سلسلے میں تبلیغی مجالس کے اہتمام کی تاکید کی اور بیان کیا کہ اگر مبلغین اپنے ملک، علاقہ یا منطقہ تک نہیں پہنچ سکتے تو تبلیغی مجالس کا اہتمام آن لائن کیا جائے تاکہ روزہ دار اس ماہ شہر اللہ میں دینی علوم اور ترویج علوم آل محمد علیہم السلام سے فیضیاب ہو سکیں اور اس پر برکت مہینے کے اعمال احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔
حجۃ الاسلام والمسلمین آقائ مہدی مہدوی پور نے اس موقع پر دیگر مسائل پر بھی دفتر مبلغین حوزہ علمیہ اثنا عشریہ واحد مشہد کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔
آخر میں دفتر مبلغین حوزہ علمیہ اثنا عشریہ شعبہ مشہد مقدس کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ حسن مقدس نے نمائندہ ولی فقیہ ہندوستان حجۃ الاسلام والمسلمین آقائ مہدی مہدوی پور کا اپنے قیمتی وقت میں سے وقت نکال کر دفتر جمعیة العلماء اثنا عشریہ شعبہ مشہد پر تشریف آوری کا علماء اور طلاب کے طرف سے شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون کی فراہمی کو یقینی بنانے کی گزارش کی۔