اتوار 10 اگست 2025 - 19:39
ٹرمپ کو امن نوبیل پرائز دینے کی حمایت کرنا قاتلوں کی حمایت کرنا ہے: مولانا کلب جواد نقوی 

حوزہ/ مولانا نے کہا کہ ہم برس ہا برس سے کہہ رہے ہیں کہ امریکہ و اسرائیل کی دوستی سے دشمنی بھلی ہے ۔ دوستی کا نتیجہ یہ ہوا کہ ٹرمپ مسلسل ہندوستان پر اضافی ٹیرف لگارہا ہے تاکہ ہندستان کی معیشت کو پاکستان سے بد تر بنادیا جائے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو امن نوبیل پرائز دیئے جانے کی حمایت کی سخت مذمت کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سیکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ کیا اب ظالموں اور قاتلوں کو امن کا نوبیل پرائز دیا جائے گا؟۔ جو لوگ جنگ اور دہشت گردی کی بنیاد ڈالتے ہیں انہیں ہی امن کا نوبیل پرائز دینے کے لئے منتخب کرنے کی سفارش کی جارہی ہے ،یہ افسوس ناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر امن کا نوبیل پرائز دینا ہے تو ان لوگوں کو دیا جائے جنہوں نے قیام امن کے لیے عملی اقدمات کئے ہیں، اُن میں سرفہرست رہبر انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ خامنہ ای اور شہید سید حسن نصراللہ جیسی عظیم شخصیات کو ہوناچاہئے۔

مولانا نے آگے کہا کہ پاکستان نے بھی ٹرمپ کو نوبیل دیئے جانے کی حمایت کی ہے جو قابل مذمت ہے ۔ بھارت نے ابھی ٹرمپ کو امن نوبیل پرائز دینے کے بارے میں کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا مگر بھارت کو اسکی مخالفت کرنی چاہئے ۔ انہوں نےکہاکہ ٹرمپ کو امن نوبیل دینے کی حمایت کافیصلہ ملک کے مفاد میں ہرگز بہتر نہیں ہوگا اس لئے اسکی پرزور مخالفت ہونی چاہیے۔

مولانا نے کہا کہ ٹرمپ مسلسل ہندوستان کی اقتصادیات کو تباہ کرنے کے لئے ٹیرف لگارہا ہے ،ایسے شخص کو نوبیل پرائز دینے کی حمایت کرنا ہندوستانی عوام کے ساتھ دھوکا ہوگا۔

مولانا نے کہا کہ ہم برس ہا برس سے کہہ رہے ہیں کہ امریکہ و اسرائیل کی دوستی سے دشمنی بھلی ہے ۔ دوستی کا نتیجہ یہ ہوا کہ ٹرمپ مسلسل ہندوستان پر اضافی ٹیرف لگارہا ہے تاکہ ہندستان کی معیشت کو پاکستان سے بد تر بنادیا جائے ۔ لہذا ایسے شخص کو جو ہزاروں بے گناہوں کا قاتل اور ہمارے ملکی مفادات کا دشمن ہے اسکو نوبیل پرائز دینے کی حمایت کرنا غیر منصفانہ عمل ہوگا ،اس لئے ہندوستانی حکومت کو ٹرمپ کو نوبیل پرائز دینے کی سخت مخالفت کرنی چاہئے ۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha