۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
ٹرمپ دورہ ہندوستان

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ دو روزہ دورے پر آج ہندوستان پہونچ گئے ہیں ۔احمد آباد گجرات میں وزیر اعظم مودی اور دیگر افراد نے ان کا والہانہ استقبال کیاہے ۔ٹرمپ اپنے اس دورے میں ہندوستان کے تین شہروں کا دورہ کریں گے ۔سب سے پہلے وہ گجرات کے احمد آباد شہر میں ہندوستانی عوام سے خطاب کریں گے ۔کہا جارہاہے کہ اس خطاب کو سننے کے لئے ستر لاکھ سےزیادہ لوگ موجود رہیں گے جبکہ احمد آباد شہر کی کل آبادی ہی ۵۵ لاکھ ہے ۔
ڈونالڈ ٹرمپ کا یہ دورہ اپنے آغاز سے پہلے ہی سرخیوں میں رہاہے ۔ان کے اس دورے سے ہندوستان سرکار نے بے پناہ توقعات لگا رکھی ہیں مگر ٹرمپ نے آنے سے پہلے ہی ان توقعات پر پانی پھیردیاتھا ۔انہوں نے کہا تھاکہ ہندوستان سے امریکہ کوئی بڑی اقتصادی ڈیل نہیں کرے گا ،جس سے ہندوستانی سیاست کو دھکا لگا تھا ۔یہ بھی کہاجارہاہے کہ یہ دورہ فقط سیاسی نوعیت کاہے اس کا ملک کی معیشت پر کوئی خاص اثر نہیں ہوگا،جس طرح ہندوستان میں پارلمانی انتخابات سے پہلے وزیر اعظم مودی نے ٹرمپ کے ساتھ امریکہ میں ’ہائو ڈی مودی‘ پروگروام کیا تھا اسی طرح ٹرمپ الکشن سے پہلے ہندوستان میں ’نمستے ٹرمپ‘ کے نام سے پروگرام کرکے امریکہ میں موجود ہندوستانیوں کو رجھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔
ٹرمپ کی ہندوستان آمد سے پہلے ہی ان کے اس دورے کی مخالفت اور مذمت بھی شروع ہوگئی تھی ۔کئی تنظیموں نے ان کے اس دورے کے خلاف احتجاج کئے اور انہیں انڈیا نہ آنے کے لئے کہا۔خاص طورپر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد ہندوستان کے مسلمان ٹرمپ کے دورے کی مذمت کررہے ہیں اور انہیں ’قاتل گو بیک‘ لکھ کرواپس جانے کے لئے کہا جارہاہے ۔

ٹرمپ کی آمدسے پہلے اور آمد کے ساتھ ہی ان کے اس دورے کی مذمت اور مخالفت میں مختلف تنظیموں اور اداروں نے سوشل میڈیا پر مہم بھی چھیڑ رکھی ہے ۔سوشل میڈیا پر موجود افراد یمن،شام ،عراق،افغانستان اور خاص طورپر فسلطین میں امریکی فوجوں کی موجودگی اور امریکہ کےسیاہ کارناموں کے خلاف لکھ رہے ہیں اور’گو بیک ٹرمپ‘ ،’ٹرمپ مردہ باد‘ ’قاتل ٹرمپ‘ جیسے بینر بھی چلائے جارہے ہیں ۔سوشل میڈیا پر لوگ لکھ رہے ہیں کہ ’ ہم ڈیل آف دی سینچری ‘ کو رد کرتے ہیں اور ا س ڈیل کو فسلطین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی مانتے ہیں ۔اگر امریکہ حقوق انسانی کا اتنا ہی بڑا پاسدار ہے تو وہ فسلطین کو آزاد ریاست کیوں تسلیم نہیں کرتا اور کیوں اس نے یروشلم کو اسرائیل کا پایہ تخت تسلیم کرلیاہے ۔ڈیل آف دی سینچری کا منصوبہ بغیر فلسطینیوں کی رضامندی کے ان پر کیوں تھوپا جارہاہے ؟‘ ۔ٹرمپ کے اس دورے کے خلاف مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے بھی مذمتی بیان جاری کیاہے ۔انہوں نے کہاہے کہ ٹرمپ نے ہندوستان کو بر بھلا کہاہے اور اس کے بعد وزیر اعظم مودی کی تعریف کی ہے یہ دوہرا رویہ دھوکہ دینے کے لئے ۔مولانانے کہاکہ ٹرمپ کے اس دورے سے ہندوستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا ،یہ دورہ امریکہ میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر کیا گیاہے تاکہ وہاں موجود ہندوستانیوں کو اپنی طرف راغب کیاجاسکے مگر امریکہ میں ٹرمپ کی مقبولیت میں بے پناہ کمی آئی ہے اور انہیں اپنی شکست صاف دکھائی دے رہی ہے ۔مولانانے کہاکہ جتنا پیسہ ٹرمپ کے دورے پر سرکار غربت چھپانے کے لئے خرچ کررہی ہے ،اگر یہ پیسہ غریبوں پر خرچ کیاجاتا تو انکی غربت کا خاتمہ ہوجاتا۔‘‘ ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .