جمعرات 21 اگست 2025 - 03:32
طلباء کی کامیابی و روشن مستقبل فیصلہ سازی پر منحصر ہے: سید مسعود حسین

حوزہ/ علی گڑھ میں اظفر فاؤنڈیشن کے طلباء کی نمایاں کامیابی پر منعقدہ تقریب میں مقررین نے کہا کہ طلباء کا روشن مستقبل درست فیصلہ سازی، محنت اور منصوبہ بندی پر منحصر ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علی گڑھ/ اظفر فاؤنڈیشن کے طلباء نے امتحانات میں نمایاں کامیابی کے موقع پر گزشتہ روز سابق چیئرمین مرکزی آبی کمیشن، وزارتِ آبی وسائل، حکومتِ ہند، سید مسعود حسین، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے سابق لائبریرین اسلم مہدی اور معروف شاعر و ناقد ڈاکٹر شجاعت حسین نے فاؤنڈیشن، رضا نگر، علی گڑھ کا دورہ کیا۔ فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر اصغر مہدی (آرزو) اور طلباء سے ملاقات کے دوران مہمانوں نے شاندار نتائج پر مبارکباد پیش کی۔

اصغر مہدی (آرزو) نے اس موقع پر بتایا کہ فاؤنڈیشن کا مقصد ایسے بچوں کو تعلیم دینا ہے جو معاشی مسائل یا خراب ماحول کی وجہ سے تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا راز معیاری نظام تعلیم کے ساتھ عملی اقدامات اور مثبت ماحول سازی میں پوشیدہ ہے۔

سید مسعود حسین نے طلباء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روشن مستقبل کے لیے فیصلہ سازی سب سے اہم ہے۔ انہوں نے اپنی عملی زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ صرف میڈیکل اور انجینئرنگ کو ہدف نہ بنائیں بلکہ دیگر میدانوں میں بھی کامیابی حاصل کریں۔ انہوں نے طلباء کو سول سروسز کے ساتھ ساتھ اسٹاف سلیکشن کمیشن (SSC-CGL/CHSL) جیسے امتحانات پر بھی توجہ دینے کا مشورہ دیا، جہاں ہر سال ہزاروں آسامیاں نکلتی ہیں۔

اسلم مہدی نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ صلاحیت اور قوتِ فیصلہ انسان کو بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہوائی جہاز دیکھنے والے بچوں کی سوچ مختلف ہوتی ہے؛ کوئی اسے کاغذ پر بناتا ہے، کوئی اس میں رنگ بھرتا ہے، کوئی پائلٹ بننے کا خواب دیکھتا ہے اور کوئی انجینئرنگ پڑھ کر جہاز بنانے کا۔ یہ سب فیصلہ سازی اور صحیح وقت پر درست انتخاب پر منحصر ہے۔

ڈاکٹر شجاعت حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیریئر کی کامیابی کے لیے مناسب منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ طلباء کو چاہیے کہ اپنے ہدف کا تعین کریں اور اسے حاصل کرنے کے بعد سماج اور قوم کی خدمت کا جذبہ دل میں بیدار کریں۔

آخر میں اصغر مہدی (آرزو) نے امید ظاہر کی کہ مہمانوں کے قیمتی مشورے طلباء کے لیے رہنمائی کا باعث بنیں گے اور ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل کو سنوارنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کی بڑھتی ہوئی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے مالی تعاون کی اپیل بھی کی۔

طلباء کی کامیابی و روشن مستقبل فیصلہ سازی پر منحصر ہے: سید مسعود حسین

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha