پیر 8 ستمبر 2025 - 16:22
وحدت؛ اسلام میں سب سے اہم انتخاب ہے / امت اسلامی کی طاقت وحدت میں ہے

حوزہ / لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کے نمائندے نے کہا: ہمیں اعتماد کے پلوں کو وسعت دینی چاہیے چونکہ امت اسلامی کی قوت اسی وحدت کے سائے میں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کے نمائندہ محترم صلاح وخص نے انتالیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب (پیر 08 ستمبر 2025ء) میں ملت لبنان اور پارلیمنٹ کے اسپیکر کا سلام ملت ایران تک پہنچایا اور صہیونی حکومت کی جارحیت میں شہید ہونے والے ایرانی کمانڈروں، دانشوروں اور بے گناہ عوام کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔

انہوں نے کہا: ہمیں اپنے اقدامات کو وحدت کلمہ اور قرآن و سنتِ پیامبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے محور پر منظم کرنا چاہیے جیسا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس مسئلے اور مستکبروں کے خلاف جدوجہد پر ہمیشہ تاکید فرمائی ہے۔

نمائندہ نبیہ بری نے کہا: وحدت اسلام میں سب سے اہم انتخاب ہے، یہ دین اسلام کا ستون ہے جو اس دین حنیف کو سربلندی بخشتا ہے اور اسے محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا: استعمار اور ظلم، عالم اسلام کے بڑے مسائل میں شامل ہیں۔ امت اسلام ایک جسم کی مانند ہے کہ اگر اس کا ایک عضو درد میں ہو تو تمام بدن متاثر ہوتا ہے۔

محترم صلاح وخص نے امام موسیٰ صدر کی یاد میں کہا: امام موسیٰ صدر اسرائیل کو "شرِ مطلق" سمجھتے تھے۔ اسرائیل ایک ایسا دشمن ہے جو پوری طاقت کے ساتھ ہمارے مقابل کھڑا ہے لہٰذا سب مسلمانوں کو مل کر اس رژیم کو صفحۂ روزگار سے مٹا دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا: تقریباً دو سال سے صہیونی حکومت غزہ پر حملہ آور ہے اور وہاں کے عوام کو خاک و خون میں نہلا رہی ہے۔ اسی طرح لبنان کی سرزمین پر بھی حملے کیے اور کچھ علاقوں پر قبضہ کیا ہے۔ ان تمام قتل و غارت اور نسل کشی کے باوجود مسئلہ وحدت اسلامی کو نعرے کی حد تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کا نشانہ براہ راست صہیونی حکومت ہونی چاہیے۔

آخر میں انہوں نے کہا: ہمیں اعتماد کے پلوں کو مزید وسیع کرنا ہوگا اور اس بات پر تاکید کی کہ امت اسلامی کی طاقت وحدت کے ہی سائے میں ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha