حوزہ نیوز ایجنسی مشہد مقدس کے مطابق، ایران کے صوبہ خراسان رضوی میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید احمد عالم الہدی نے صوبہ بھر کے ائمہ جماعات کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: آج اسلامی نظام اور مقاومت کے دائرہ میں اتحاد کا مسئلہ ایک رسمی رجحان بن چکا ہے۔ آج اسلامی زندگی میں اتحاد و وحدت کی ضرورت کسی بھی دور سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا: امریکہ اور یورپ عالمی طاقت اور عالمگیریت کے حصول کے لیے تمام ثقافتوں، قوموں اور طاقتوں کے ساتھ ایک معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور ان کے راستے میں واحد رکاوٹ اسلام ہے لہذا اگر وہ اس میدان میں کسی بھی کامیابی تک نہیں پہنچ سکتے تو وہ مسلمانوں کی نسل کشی کریں گے اور اسلام کو تباہ کرنے کے درپے ہوں گے، جس طرح انہوں نے غزہ اور فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی جاری کر رکھی ہے۔
خراسان رضوی میں نمائندہ ولی فقیہ نے کہا: ناگاساکی اور ہیروشیما میں ہونے والی نسل کشی پر کسی نے بھی امریکہ پر اعتراض نہیں کیا۔ ایسے حالات میں مسلمانوں کو اتحاد و وحدت کو ایک ضرورت کے طور پر دیکھنا چاہیے کیونکہ اگر ہم ایک ساتھ کھڑے ہو کر ان دنیا خوروں کا مقابلہ کریں گے تو ہی ان کے اقتدار کے حصول کے عمل کو روک سکتے ہیں اور دنیا کو ایک اسلامی حکومت کے لیے تیار کر سکتے ہیں۔