جمعہ 12 ستمبر 2025 - 20:46
رسول اکرم (ص) کی سیرت ہر انسان کے لئے نمونہ عمل ہے، مقررین

حوزہ/ امروہا میں مسلم مجلس کے زیر اہتمام بارہ روزہ نعتیہ محفلوں اور سیرت کے جلسوں کے اختتام پر محلہ شفاعت پوتا کے حسینی ہال میں دو روزہ "محفل نور" کا شاندار اہتمام کیا گیا، جس میں ممتاز علما اور شعرا نے شرکت کر کے رسول خدا (ص) کی سیرتِ طیبہ اور عظمتِ مصطفیٰ کو اجاگر کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امروہا میں محفل نور کے اہتمام کے ساتھ نورانی محفلوں کا سلسلہ اختتام پزیر ہوا۔ اس سے قبل شہر میں پیغمبر آخر الزماں، فخر موجودات، باعث تخلیق کائنات، بی بی زہرا کے پدر بزرگوار اور حسنین کریمین کے نانا رسول خدا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے سلسلے میں بارہ روزہ نعتیہ محفلوں اور سیرت کے جلسوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مسلم مجلس کے زیر اہتمام یکم ربیع الاول سے بارہ ربیع الاول تک یہ سلسلہ جاری رہا۔

محلہ شفاعت پوتا کے حسینی ہال میں دو روزہ محفل نور نے محبان رسول کے دلوں کو منور کردیا۔ دو روزہ محفل نور میں ہر سال بڑی تعداد میں مہمان شعرا کی شرکت ہوتی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہیکہ متعدد مہمان علماء نے بھی اس محفل نور میں شرکت کی۔ دو روزہ نورانی محفل کے دوران جن مقامی اور بیرونی علما نے شرکت کی ان میں آیت اللہ سیستانی کے ہندستان میں وکیل مولانا اشرف علی غروی اہم ہیں۔اشرف المساجد کے امام جمعہ مولانا محمد سیادت فہمی، نائب امام مولانا ڈاکٹر احسن اختر سروش، مولانا شہوار نقوی،مولانا منظور علی، مولانا کوثر مجتبیٰ،مولانا رضا کاظم تقوی، مولانا صفدر امامی، مولانا شاداب حیدر اور مولانا مظہر علی جیسے علماء سے مسند سجی رہی۔ شہر کے استاد شعرا اور مہمان شعرا بھی مسند پر موجود تھے۔

افتتاحی تقریر نائب امام سید احسن اختر سروش نے کی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں واحد ذات رسول اکرم کی ہیکہ جنکی زندگی کا ہر پہلو لوگوں کے لئے نمونہ عمل ہے۔ دوسرے روز نورانی محفل سے مولانا ڈاکٹر شہوارنقوی نے خطاب کیا۔ انہوں نے عید میلاد النبی کے جلسوں۔ نعتیہ محفلوں اور جلوس محمدی کو بدعت بتانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ کی شان میں منعقد ان پروگراموں کی مخالفت کوئی غیر نہیں بلکہ خود نبی کا کلمہ پڑھنے والے مسلمان ہی کرتے ہیں۔دو روزہ محفل نور کی نظامت مشترکہ طور پر عرشی واسطی،جمشید کمال، پیمبر نقوی، تاجدار مجتبیٰ اور حیدر امروہوی نے کی۔

جن بیرونی اور مقامی شعرا نے بارگاہ رسالت مآب میں منظوم نزرانہ عقیدت پیش کیا ان میں شہزادہ گلریز ،نظیر باقری،طاہر فراز، مولانا اصغر اعجاز قائمی،عرشی واسطی، بصیر الحسن وفا علی گڑھ، کیفی سنبھلی، خورشید مظفر نگری، پنڈت رنویر پرساد، شکیل حسن طالب، کامل وارثی،انتخاب صابر،منیر چھولسی، نوشہ امروہوی، واحد امروہوی، ڈاکٹر لاڈلے رہبر، ناشر نقوی،حسن امام، جمشید کمال، زبیر ابن سیفی، سعد امروہوی، شیبان قادری،ناصر امروہوی،شہاب انور، جمال عباس فہمی،مبارک امروہوی، فرقان امروہوی،تاجدار امروہوی، شاندار امروہوی،علمدار امروہوی،بھون شرما، قاری مرزا انس، ضیا کاظمی، ناظم امروہوی، شاہنواز تقی، کوکب امروہوی، ارمان ساحل،لیاقت فیضی عسکری رضا، سجاد نزر، شوذب امروہوی، مہربان امروہوی اور ڈاکٹر شاہی امروہی شامل ہیں۔محفل نور کے عنوان سے یہ محفل ایک سو تیرہ برس سے منعقد کی جارہی ہے۔ اب اسکا اہتمام اپو ٹینٹ ہاؤس کے مالک اختر عباس اور انکے برادران کی جانب سے کیا جاتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha